لوجہاد پر ہنگامہ کرنے والے بی جے پی کے غازی آباد صدر کی چھٹی

غازی آباد۔بی جے پی نے اپنے نگر یونٹ صدر اجئے شرما کا ان کے عہدے سے برطرف کردیا۔ شرما نے علاقے کی ایک ہندو لڑکی اور مسلم لڑکے کی شادی کو ’ لوجہاد‘ قراردیتے ہوئے روک دیاتھا۔ شادی پر واویلا کھڑا کرنے پرشرما نے بی جے پی کی کرکری کردی تھی۔ اترپردیش بی جے پی کے ریاستی سکریٹری ویاساگر سونوکر کی جانب سے لکھے گئے ایک مکتوب کے مطابق شرما کو عہدے سے ہٹادیاگیا ہے اور غازی باد نگر یونٹ کے سکریری مان سنگھ گوسوامی کی انچارج نگر یونٹ صدر کے طور پر مقرر کیاگیا ہے ۔

سونوکر نے بتایا کہ پردیش صدر ڈی مہیندر ناتھ پانڈیہ نے راج نگر میں ایک لڑکی کی شادی کے بعد استقبالیہ میں ہوئے ہنگامہ کو سنجیدگی کے ساتھ لیا۔ چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ نے بھی اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے کمشنر کو سخت جانچ کے احکامات جاری کئے ۔ تبھی سے یہ مانا جارہا تھا کہ اجئے شرما اس واقعہ کی زد میں آنے کی قوی توقعت ہوگئے تھے۔ راج نگر کے رہنے والے ایک مشہور ڈاکٹر کی بیٹی علی گڑ کے رہنے والے ایک دوسرے مذہب کے لڑکے ساتھ گھر والوں کی مرضی سے کورٹ میں شادی کی تھی۔

جمعہ کے روز لڑکی والوں نے لڑکے والوں کے لئے ایک عشائیہ کا اہتمام کیاتھااور دونوں کی شادی کی رسم پوری ہونی تھی۔ الگ الگ مذہب کے لڑکے لڑکی کی شادی کی اطلاع ملنے کے ساتھ ہی ’لوجہاد‘ کا الزام لگاتے ہوئے ہندوتنظیم کے لوگ موقع پر جمع ہوگئے۔ اجئے شرما کی قیادت میں بی جے پی کے کئی کارکن بھی لڑکی کے گھر پہنچ گئے۔جب پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو بی جے پی کارکنوں اور پولیس کے درمیان کافی نوک جھونک بھی ہوئی۔ بی جے پی کارکن لڑکی کے گھر والو ں سے بات چیت کرنے کی ضد پر اڑے رہے۔ پولیس نے لڑکی کے گھر والوں کو بلاکر ہندوتنظیم کے کارکنوں سے ملاقات کرائی۔

لڑکی کے گھر والوں نے صاف طور پر یہ بات کہی کہ شادی دونوں گھر والوں کی رضا مندی سے ہورہی ہے لہذا ہم یہاں پر کسی قسم کی کوئی گڑ بڑ نہیں چاہتے‘ اس کے باوجود بی جے پی کارکنوں نے وہاں پر ہنگامہ کھڑ اکیا۔ پولیس نے انہیں روکا تو وہ پولیس سے بھی بھڑ گئے۔ جس کے بعد پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کرکے وہاں سے بھاگ دیا۔کارکن دوبار ہ موقع پر پہنچے اور مخالفت میں احتجاج کیا۔لاٹھی چارج کی مخالف میں بھی پولیس اور ایس ایس پی کے خلاف بی جے پی کارکنوں نے نعرے بازی کی۔سڑک پر کھڑی گاڑیوں کے ساتھ توڑ پھوڑ کی بھی کوشش کی گئی۔

اس کے بعد پولیس نے سختی دیکھاتے ہوئے دوبارہ ان پر لاٹھی چارج کیا اور انہیں وہاں سے بھگادیا۔پارٹی کے فیصلے پر اجئے شرما نے کہاکہ کارکنوں پر لاٹھی چارج کیاگیا تھا ‘ میں نے ان کا ساتھ دیا۔ ان کے خلاف ہوئی کاروائی کی میں نے مخالفت کی ۔ اگے بھی کارکنوں کے ساتھ رہوں گا۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہاکہ تنظیم کی جانب سے لئے گئے فیصلے کا وہ احترام کرتے ہیں۔ مجھے برطرفی کا لیٹر مل گیا ہے اور میں حکم کی تعمیل کرونگا۔