لالو کی سونیا سے ملاقات، غلطی نہ دہرانے کا عزم

نئی دہلی ۔ 31 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد نے آج صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کی اور بعد ازاں عزم کیا کہ کانگریس کے ساتھ اتحاد ٹوٹتے دیکھنے کے معاملہ میں 2009 ء کی غلطی کا اعادہ نہیں کریں گے۔ لگ بھگ 10 منٹ کی ملاقات کے بعد لالو نے بتایا کہ سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ وہ ان سے عنقریب دوبارہ ملاقات کرتے ہوئے اتحاد کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کریں گی۔ لالو نے کہا کہ وہ پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ اس بار کانگریس۔ آر جے ڈی ۔ ایل جے پی کا اتحاد تشکیل پائے گا اور بہار ، جھارکھنڈ اور دیگر مقامات پر ’’فرقہ پرست قوتوں ‘‘ کی پیش قدمی کو روکے گا۔ انہوں نے اس موقع پر راہول گاندھی کی قیادت کی ستائش بھی کی کہ وہ نریندر مودی اور اروند کجریوال کی قیادت سے ’’لاکھوں درجے بہتر ‘‘ ہے۔ لالو نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’’میں بھرپور اعتماد کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ ہم فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف تمام سیکولر پارٹیوں کو متحد کریں گے۔ کانگریس کل ہند سطح کی پارٹی ہے، طاقتور اور سیکولر جماعت ہے۔ قبل ازیں ہم ایک ساتھ تھے، آج بھی ہم ایسے ہی ہیں اور مستقبل میں بھی یکجا رہیں گے۔ میں اس معاملہ میں کوئی بھی قربانی کیلئے تیار ہوں۔ میں کسی قیمت پر فرقہ پرست قوتوں کو اقتدار قابض ہونے کا موقع نہیں دوں گا، یہی میرا خواب ہے‘‘ ۔آر جے ڈی سربراہ جنہوں نے 2009 ء میں کانگریس کو صرف تین نشستوں کی پیشکش کی اپنی غلطی کے سبب اس پارٹی کے ساتھ اتحاد ٹوٹ جانے پر تاسف ظاہر کیا، انہوں نے کہا کہ اس بار وہ ایسی غلطی نہیں دہرائیں گے ۔