لالو پرساد نے مہاگٹھ بندھن حکومت گرانے کی پیشکش کی تھی، سشیل کمار کا الزام

پٹنہ۔17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے پٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی نے اار جے ڈی چیف لالو پرساد یادو پر الزام لگایا کہ انہوں نے مرکزی وزیر ارون جیٹلی سے ملاقات کرکے بہار کی مہاگٹھ بندھن حکومت کو گرانے میں مدد کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ لالو پرساد نے مرکزی وزیر سے اس بات کی بھی خواہش کی کہ وہ چارہ گھٹالے کیس سے اگر دستبردار ہوجائیں تو وہ ان کی مدد کرنے تیار ہیں۔ ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ لالو پرساد سابق مرکزی وزیر پریم چند گپتا کے توسط سے ارون جیٹلی سے ملاقات کی لیکن ارون جیٹلی نے غصہ کا اظہار کرتے ہوئے ان کو نکال دیا۔ سشیل کمار مودی نے یہ بھی کہا کہ لالو پرساد ہمیشہ سے بی جے پی آر ایس ایس کے خلاف زہر اگلتے آئے ہیں لیکن جب کبھی بھی ضرورت درپیش ہو تو وہ ان سے مدد طلب بھی کرتے رہیں اور جیٹلی نے لالو پرساد سے صاف کہہ دیا کہ چونکہ اس معاملہ کی انکوائری سی بی آئی کررہی ہے۔ وہ اس میں مداخلت کرنا نہیں چاہتے۔ لالو پرساد کے بیٹے اور اسمبلی اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ بے بنیاد ہے اور آنے والے انتخابات میں شکست کے خوف سے اس طرح کی افواہیں آرائی جارہی ہیں اور انہوں نے اپنے والد کو بے باک اور نڈر قرار دیا جو ہمیشہ سے فرقہ وارانہ ذہن کے خلاف رہے ہیں اور اڈوانی کی رتھ یاترا کو بھی انہوں نے ہی روکا تھا۔ 2014ء کے لوک سبھا انتخابات میں سارے ملک میں مودی لہر چل رہی تھی تو بہار میں نتیش کمار کی جے ڈی یو، آر جے ڈی اور کانگریس نے مل کر بہار میں بی جے پی کی پیشقدمی کو روک دیا تھا۔ تین پارٹیوں پر مشتمل اتحاد حکومت جولائی 2017 ء میں اس وقت گرگئی جب آر جے ڈی نے اختلافات کے باعث نتیش کمار نے این ڈی اے کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔ اختلافات کی اہم وجہ تیجسوی پر جو اس وقت ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدے پر فائض تھے، رشوت کے الزامات تھے۔ سشیل کمار مودی نے کہا کہ جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے 2014ء میں ایک حکم نامہ کے ذریعہ لالو پرساد کو کچھ راحت فراہم کی تھی اور حکم نامہ ہائی کورٹ نے کیا تھا کہ چارہ گھٹالہ اسکام کے چھ علیحدہ علیحدہ کیسس نہیں چلائے جائیں گے بلکہ ان کو ایک ہی کیس تصور کیا جائے گا۔ علیحدہ علیحدہ مقدمات کا مطلب لالو پرساد کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوسکتا تھا۔ سوشیل کمار مودی نے کہا کہ گپتا نے ارون جیٹلی سے تین تا چار مرتبہ ملاقات کی لیکن بات چیت میں عدم پیش رفت کے سبب بلآخر لالوپرساد یادو خود ملنے کے لیے گئے تھے۔