لازوال جوانی کیلئے پرانے خلیوں سے چھٹکارا

جسم سے ناکارہ خلیے علحدہ کرنے سے عمر سے مربوط امراض کی روک تھام کی جاسکتی ہے ۔ ایک نئی تحقیق کے بموجب امریکہ میں مایو کلینک برائے ادویہ کا استعمال میں چوہوں پر تجربہ کرکے ایک ٹیم نے پتہ چلایا ہے کہ ناکارہ اور پرانے خلیے جنھیں سینیسینٹ خلیے کہا جاتا ہے عمر رسیدہ چوہوں کے جسم سے علحدہ کرکے انھیں عمر رسیدگی سے مربوط امراض موتیا بند ، جلد کے ڈھیلے پڑجانے ، اور عضلات کے نقصان کی روک تھام کی جاسکتی ہے ۔ محقق ڈارن بیکر نے کہا کہ نوجوان جانوروں کے علاج سے آغاز کیا گیا جبکہ ان کے جسم میں سینیسینٹ خلیے نہیں تھے ۔ جیسے ہی کوئی خلیہ ناکارہ یا فرسودہ ہوجاتا ، اسے علحدہ کردیا جاتا ۔ اس کا نمایاں اثر دیکھا گیا ۔ پتہ چلاکہ جین تھراپی انسانوں میں ناکارہ خلیوں کو نشانہ بنانے استعمال کی جاسکتی ہے ۔ عضلات اور ریشوں کی عمر میں اضآفے کے ساتھ ساتھ ناکارہ اور فرسودہ خلیوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے لیکن ان کی معمولی تعداد بھی بڑے نتائج برآمد کرسکتی ہے ۔ وہ کئی قسم کے برے موروثی نتائج بیدار کردیتے ہیں جو عضلات کی مجموعی کارکردگی کو متاثر کرتے ہیں۔ ایسے چوہوں کی نسل پیدا کی گئی جو بہت جلد بوڑھے ہوں اور بڑھاپے سے مربوط امراض کا شکار ہوتے ہیں ۔بعد میں انھیں تین دن تک ایسی دوا دی گئی جو ناکارہ خلیوں کا خاتمہ کردیتی ہے۔ ان چوہوں میں جن کے ناکارہ خلیوں کا خاتمہ کردیا گیا تھا دیگر چوہوں کی بنسبت جن کے ساتھ ایسا نہیں کیا گیا تھا ، موتیا بند کم ہوا اور جلد پر جھریاں بھی نہیں پڑیں ۔ چنانچہ امکان ہے کہ مزید تحقیق انسانوں کی لازوال جوانی کی بھی راہ کھول دے گی ۔