قطر ایرویز میں 20 مئی کو کیبن کریو کیلئے بھرتیاں

حیدرآباد ۔ یکم ؍ مئی (سیاست نیوز) قطر ایرویز کی ’’کیبن کریو‘‘ ارکان عملہ ٹیم تیزی سے وسعت اختیار کررہی ہے، جس کے پیش نظر دنیا کی یہ بہترین فائیواسٹار ایرلائنس کمپنی مختلف ممالک سے خوبصورت، ہونہار، محنتی و تعلیمیافتہ امیدواروں کا انتخاب کررہی ہے۔ اس ضمن میں 20 مئی کو حیدرآباد میں واقع قطر ایرویز کے دفتر پر ’’کیبن کریو‘‘ ارکان عملہ کی بھرتیاں کی جائیں گی۔ منتخب امیدواروں کو دوحہ قطر میں قیام کرنا ہوگا۔ قطر ایرویز کے ذرائع نے ان تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے مزید کہا کہ بھرتیوں کے خواہشمند لڑکے لڑکیوں کی کم سے کم عمر 21 سال ،انگریزی بول چال اور تحریر کی مہارت کے ساتھ ہائی اسکول ڈگری، بہترین صحت اور فٹنس، پرکشش شخصیت، بہتر ہنر و صلاحیت اور ہمہ قومی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کی قابلیت کا ہونا لازمی ہوگا۔ قطر ایرویز جو خلیجی مملکت قطر کی کوئی ایرلائنس ہے چنانچہ یہ ادارہ قطر کی روایتی فیاضی اور شاہانہ مہمان نوازی کی جھلک پیش کرنا چاہتا ہے۔ قطر ایرویز جو حقیقی عالمی فائیو اسٹار ایرلائنس ہے بہترین مروجہ ضابطوں کے ساتھ میزبانی اور مہمان نوازی میں اولین مقام رکھتی ہے جہاں بحیثیت کیبن کریو کام کرتے ہوئے نہ صرف ٹیکس فری تنخواہ، الاؤنسیس اور مفت رہائش بلکہ زمین کی سطح سے 40,000 فٹ اوپر آسمانوں کی سیر کرتے ہوئے، مانٹریال میں ناشتہ، نیویارک میں لنچ اور پیرس میں ڈنر کے مواقع حاصل کرسکتے ہیں۔ قطر ایرویز نے کہا ہیکہ امیدواروں سے انٹرویو یا بھرتیوں کیلئے کسی اور کام کیلئے کوئی فیس یا رقم وصول نہیں کی جاتی چنانچہ اگر کوئی فیس یا رقم کا مطالبہ کرتا ہے تو reportfraud@qatarairways.com پر شکایت کی جاسکتی ہے۔