فوربس کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والے انٹرٹینرس کی فہرست میں اکشے کمار اور سلمان خان

نیویارک ۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ ایکٹرس اکشے کمار اور سلمان خان کو فوربس کی ایک ایسی فہرست میں رکھا گیا ہے جو سب سے زیادہ کمانے والے انٹرٹینرس (تفریح فراہم کرنے والے) ہیں۔ امریکی باکسر فلائڈ مے ویدھر کا نام فہرست میں سب سے اوپر ہے۔ فوربس کی فہرست میں اکشے کمار کا نام 76 ویں اور سلمان خان کا نام 82 ویں مقام پر ہے۔ 50 سالہ اکشے کمار کی سالانہ آمدنی 40.5 ملین ڈالرس بتائی گئی ہے جو ہندوستان میں سماجی بیداری کی فلمیں کرنے کیلئے بھی مشہور ہیں جن میں ٹائلیٹ ۔ ایک پریم کتھا اور پیڈمین قابل ذکر ہیں جبکہ سلمان کی سالانہ آمدنی 37.7 ملین ڈالرس بتائی گئی ہے جو یکے بعد یگرے ہٹ فلمیں دینے میں اپنا جواب نہیں رکھتے۔ حالیہ دنوں میں ٹائیگر زندہ ہے کے بعد ان کی فلم ٹیوب لائیٹ نے کوئی خاص بزنس نہیں کیا تھا اس کے باوجود بھی سلمان خان کے موقف میں کوئی فرق نہیں آیا۔ مے ویدھر کی آمدنی 285 ملین ڈالرس بتائی گئی ہے۔ اس فہرست میں موجود مزید کچھ مشہور نام اس طرح ہیں۔ ایکٹر جارج کلونی (دوسرا نمبر)، ریالٹی ٹی وی اسٹار اور بزنس پرسن کائیلی جینرد تیسرا نمبر)، فٹ بال کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو (10 واں) پاپ اسٹار کیٹی پیری (19 واں)، ٹینس کھلاڑی راجر فیڈرر (23 واں) گلوکارہ بیونس (35 واں)، مصنف جے کے راؤلنگ (42 واں) اور گولف کھلاڑی ٹائیگر ووڈس (66 واں)۔