فوجی اسلحہ ڈپو میں مہیب آتشزدگی، 130 ٹن بارود تباہ ، 16 ہلاک

پُلگاؤں (مہاراشٹرا) ؍ نئی دہلی 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایشیاء کے سب سے بڑے اسلحہ ڈپو واقع  مہاراشٹرا کے علاقہ پُلگاؤں میں آج اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس میں محکمہ دفاع کے 16 ارکان عملہ بشمول 2 فوجی عہدیدار ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر 17 افراد زخمی ہیں۔ یہ واردات رات تقریباً ایک بجے پیش آئی جب ایک شیڈ میں جہاں گولہ بارود رکھا ہوا تھا، آگ بھڑک اُٹھی۔ یہ انتہائی حفاظتی انتظامات کا مرکزی اسلحہ ڈپو ہے جو 7ہزار ایکر پر پھیلا ہوا ہے۔ پورا ڈپو مکمل طور پر شعلہ پوش ہوگیا۔ آگ پر قابو پانے کی کارروائی رات بھر جاری رہی۔ تاہم آگ بجھانے کی کوششوں میں 2 عہدیدار اور 14 ارکان عملہ بشمول ایک فوجی اور 13 سیویلین (آتش فرو عملہ) ہلاک ہوگئے۔ 2 عہدیدار اور 15 فوجی اور 6 سیویلین آتش فرو عملہ کے ارکان زخمی ہوئے۔ وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا کہ اس واقعہ میں سبوتاج کا کوئی امکان نہیں ہے اور آتشزدگی کی وجہ تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ قبل از وقت قیاس آرائی مناسب نہیں۔ منوہر پاریکر نے زخمیوں کی ہاسپٹل پہنچ کر عیادت کی اور بتایا کہ 130 ٹن دبابہ شکن بارود تباہ ہوگیا۔ فوجی سربراہ جنرل دلبیر سنگھ سوہاگ بھی وزیر دفاع کے ہمراہ تھے۔ فوج نے کہاکہ ہلاک ہونے والوں میں ارکان عملہ کی اکثریت ہے اور اُن میں سے بیشتر دفاعی صیانتی کور کے فوجی تھے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پراظہار افسوس کیا۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی نے بھی آتشزدگی اور ہلاکتوں پر برہمی ظاہر کی۔