فلسطینی پوری مسلم امہ کی جنگ لڑرہے ہیں‘ عرب ممالک فلسطین کی آزادی کا پلان تیار کریں

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سابق صدر خالد مشعل کا بیان‘ کہااسرائیل کو فلسطینی قوم کے عز م اور استقلال کا سامنا ہے
استنبول۔ اسلامی تحریک مزاحمت’’حماس ‘ کے سیاسی شعبے کے سابق صدرخالد مشعل نے عرب ممالک پر زوردیا ہے کہ وہ فلسطین کی آزادی کے لئے جامع پلان تیار کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ حماس نے فلسطین کی آزادی کے لئے منصوبہ بند حکمت عملی اختیار کی ہے۔ عالم اسلام اور عرب ممالک کے زندہ ضمیر حکمران فلسطین کے لئے دانشمندانہ جامع پلان تیار کریں۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق خالد مشعل نے ان خیالات کا اظہار استنبول میں منعقدہ’’ دسویں روادادالقدس کانفرنس‘‘ سے خطاب میں کیا۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیلی دشمن ایک طرف قضیہ فلسطین کے تصفیہ کی سازش کررہا ہے اور دوسری طرف اس نے کئی عرب ممالک کے اندر تک رسائی کی کوششیں تیزکردی ہیں۔

عرب ممالک کی منتخب قیادت قضیہ فلسطین او رصیہونی ریاست کے ساتھ تعاون کے حوالے سے توازن پیدا کریں اور قضیہ فلسطین کی قیمت پر صیہونی دشمن کے ساتھ راہ رسم نہ بڑھائی جائے۔

خالد مشعل نے کہاکہ غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے ‘ کسی شرمندگی کے بغیر فلسطینیوں کی مزاحمت کی حمایت ‘ دشمن سے تعلقات کے قیام میں مخالفت اور’’ صدی کی ڈیل‘‘ کی سازشوں کو ناکام بنانے کا عزم کیاجائے۔ حماس رہ نمانے کہاکہ اسرائیل کو فلسطینی قوم کے عزم اور عزم واستقلال کا سامنا ہے۔

عزم واستقلال میں غزہ عوام نے دشمن کے سامنے زیادہ مضبوط ثابت کیاہے۔ حق واپسی مارچ شروع کیا۔ غزہ کی ناکہ بندی ختم کرانا عرب ممالک کی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہناتھا کہ فلسطینی مسلمان پوری مسلم امہ کی جنگ لڑرہے ہیں۔ خالد مشعل نے فلسطینی اتھاریٹی کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ جاری سکیورٹی تعاون اور مزاحمت کاروں کا تعاقب کرنے کی مجرمانہ پالیسی کی شدید مذمت کی۔