فرانس میں احتجاج : مظاہرین کی تعداد اور جوش و جذبہ میں کمی

پیرس۔ 16 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) فرانس گزشتہ ایک ماہ سے سے احتجاج و مظاہرہ جاری ہے ۔اب فرانس میں پیلی جیکٹ تحریک کی جانب سے مسلسل پانچویں ویک اینڈ پر بھی ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ تاہم اس بار مظاہرین کی تعداد اور جوش و جذبہ کم دکھائی دیا جس سے یہ احتجاج دم توڑتا نظر آرہا ہے ۔فرانس کے دیگر شہروں کی طرح پیرس میں اس ہفتہ بھی پیلی جیکٹ پہنے مظاہرین سڑکوں پر نکلے اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا ۔فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق ملک بھر میں مظاہرین کی تعداد تقریباً چھیاسٹھ ہزار تھی جو پچھلے ہفتے کے مقابلے میں نصف ہے ۔مظاہرین سے نمٹنے کے لیے 69ہزار سیکورٹی اہل کار تعینات کیے گئے جن میں سے 8 ہزار پیرس میں تعینات تھے ۔ اس کے علاوہ 14بکتر بند گاڑیاں بھی پیرس میں گشت کرتی رہیں۔مظاہرین اور پولیس کے درمیان کئی شہروں میں معمولی جھڑپیں بھی ہوئیں ، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا جبکہ168 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ۔فرانس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اورحکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا آغاز 17نومبرکو ہفتے کے روز ہوا تھا ۔ تب سے ہر ہفتے کے روز فرانس بھر میں مظاہرین پیلی جیکٹیں پہن کر احتجاج کررہے ہیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی صدر کی جانب سے ایندھن پر ٹیکس کی شرح میں اضافے کو 6 ماہ کے لئے معطل کرنے ، کم از کم تنخواہوں کی شرح بڑھانے سمیت اس جیسے دیگر اعلانات اور سرد موسم نے بھی مظاہروں کی شدت کم کرنے میں کردار ادا کیا۔