فرائیڈ چکن سینڈوچ

اجزاء : بند گوبھی (چھوٹا) ایک عدد، گاجر ایک عدد، پالک چند پتے، آئس برگ چند پتے، اولیو آئیل 4 کھانے کے چمچے، لیمن جوس ایک کھانے کا چمچہ، سفید سرکہ ایک کھانے کا چمچہ، ہرا دھنیا 2 کھانے کے چمچے، چینی حسب پسند، چکن کے پارچے 4 عدد (بڑے)، آٹا 100 گرام، انڈا ایک عدد، ڈبل روٹی کا چورا 150 گرام، مکھن 30 گرام، بریڈ رول 4 عدد، نمک حسب ذائقہ، سیاہ مرچ حسب ذائقہ۔
ترکیب: تمام سبزیوں کو باریک کتر لیں اور اولیو آئیل میں لیمن جوس اور سرکہ شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں۔ اب پسی ہوئی سیاہ مرچیں، نمک اور چینی بھی اس آمیزے میں شامل کرکے حل کرلیں۔ اس آمیزے کو سبزیوں کی سلاد میں ملائیں اور ایک جانب رکھ دیں تاکہ تمام چیزوں کا ذائقہ آپس میں رچ جائے۔

چکن کے ٹکڑوں کو ہیمر کی مدد سے چپٹا کریں اور ذائقے کیلئے نمک اور پسی ہوئی سیاہ مرچیں ان پر مل دیں۔ اب ایک ایک کرکے چکن کے پارچوں کو دونوں جانب سے آٹے سے کور کریں۔ اس کے بعد پھینٹے ہوئے انڈے میں ڈپ کریں اور آخر میں ڈبل روٹی کا چورا اوپر لپیٹ دیں۔ پارچوں کو ہاتھ کی مدد سے اچھی طرح دبائیں تاکہ کوٹنگ ان میں جذب ہوجائے۔ ایک فرائنگ پین میں مکھن پگھلائیں اور تمام پارچوں کو ایک ایک کرکے گولڈن براؤن ہونے تک فرائی کریں۔ بریڈ رولز کو اوون میں سینک لیں یا توے پر ہلکا ہلکا سینکیں اور انہیں ایک جانب سے کاٹ لیں لیکن دو الگ الگ ٹکڑے نہ کریں۔ ہر رول میں تھوڑی تھوڑی سلاد رکھ کر ایک ایک چکن کا پارچہ رکھیں اور بند کرکے پیش کریں۔ حسب پسند کیچپ یا سوس کے ہمراہ تناول کریں۔