غزہ میں حماس پر اسرائیل کا تازہ فضائی حملہ

یروشلم ۔ 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے آج کہا کہ اس نے غزہ میں حماس کی ایک عمارت پر گذشتہ رات فضائی کارروائی شروع کی کیونکہ اس خطہ سے توپ کی فائرنگ کے ذریعہ اس کے سپاہیوں کو نشانہ بنایا گیا اور ایک بلڈنگ کو نقصان پہنچا۔ ملٹری نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی آرمی نے شمالی غزہ پٹی میں حماس سے تعلق رکھنے والے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جن میں دہشت گردی کا انفراسٹرکچر اور اسلحہ ساز مراکز شامل ہیں۔ فلسطینی سیکوریٹی فورسیس نے تصدیق کی کہ اسرائیلی کارروائی کا نشانہ حماس کا ایک اڈہ رہا اور کہا کہ کسی کے زخمی ہونے کی فوری کوئی اطلاع نہیں ہے۔ گذشتہ روز اسرائیلی ٹینکوں نے حماس کے تین ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے نقصان پہنچایا تھا جبکہ اس کا دعویٰ رہا کہ غزہ سے اسرائیلی سپاہیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

فلسطینی احتجاجیوں کیخلاف طاقت کا استعمال ، کانگریس کا اظہار مذمت
اس دوران کانگریس نے آج غزہ میں فلسطینی احتجاجیوں کی بڑی تعداد کی ہلاکت پر اظہاتاسف کیا اور اسرائیلی فورسیس کی جانب سے طاقت کے بیجا استعمال کی مذمت کی۔ نئی دہلی میں کانگریس لیڈر آنندشرما نے کہا کہ غزہ میں خواتین اور بچوں کے بشمول فلسطینی احتجاجیوں کی اموات بین الاقوامی برہمی اور مذمت کا موجب بنی ہے۔