عیدالاضحی اور گنیش وسرجن کے انتظامات کا جائزہ

صفائی کی ہدایات، پرانے شہر میں سیکورٹی عملہ تعینات، کمشنر پولیس اور کمشنر بلدیہ کا دورہ

حیدرآباد /30 اگست ( سیاست نیوز ) عیدالاضحی اور گنیش وسرجن کے پیش نظر کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے آج کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر بی جناردھن ریڈی اور دیگر اعلی عہدیداروں کے ہمراہ چارمینار تا بالاپور علاقہ کا معائنہ کیا ۔ گنیش وسرجن کا آغاز بالاپور علاقہ سے ہوتا ہے اور پرانے شہر کے مختلف علاقوں سے گذرتا ہوا حسین ساگر جھیل میں وسرجن عمل میں لایا جاتا ہے ۔ دونوں تہواروں کے موقع پر کمشنر پولیس نے آج پرانے شہر کا پیدل دورہ کیا اور عیدالاضحی کیلئے کئے گئے تمام انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ کمشنر جی ایچ ایم سی نے زونل کمشنر ساؤتھ زون مسٹر سرینواس ریڈی اور دیگر عہدیداروں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے صاف صفائی کو اولین ترجیح دینے اور قربانی کے بعد فی الفور صفائی انجام دینے کی ہدایت دی ۔ کمشنر پولیس مسٹر مہیندر ریڈی نے علاقہ کا معائنہ کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ عیدالاضحی اور وسرجن کے موقع پر 24 ہزار سے زائد پولیس عملے بشمول نیم فوجی دستوں کو علاقہ میں متعین کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وسرجن جلوس جو 5 ستمبر کو نکالا جائے گا اس راستہ پر کڑی نظر رکھتے ہوئے ایک ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سٹی کمانڈ کنٹرول سنٹرل سے جلوس پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور پولیس کے اعلی عہدیداروں کی نگرانی میں پرانے شہر پر خاص نظر رکھی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ گنیش منڈپوں کو جی او ٹیاگنگ کا استعمال کیا گیا ہے جس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہوئے ہیں ۔ مسٹر مہیندر ریڈی نے بتایا کہ حیدرآباد سٹی پولیس کے تمام شعبوں بشمول سنٹرل کرائم اسٹیشن ، اسپیشل برانچ ، سٹی سیکوریٹی ونگ اور دیگر عملے کو وسرجن کے دن متعین کیا جارہا ہے ۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ شہر میں پرامن فضاء کو برقرار رکھنے میں تعاون کریں اور افواہ پر توجہ نہ دیں۔