عوام کی خوشحالی اور ترقی میری حکومت کا اولین مقصد : نواز شریف

لاہور۔ 30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی خوشحالی اور ملکی ترقی کے مخالفین پاکستان کے دشمن ہیں اور ان کے مذموم ارادوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ عوام کی خدمت ہی ترقی کا واحد راستہ ہے اور حکومت اسی پالیسی پر گامزن ہے۔ آخرجیت عوام کی ترقی اور خوشحالی کی ہی ہو گی، منفی سیاست کا دور ختم ہو چکا ہے۔ عوام انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو ہر موقع پر رد کرچکے ہیں۔ ہفتہ کے روز نواز شریف کی زیر صدارت گورنر ہاؤس لاہور میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور وفاقی و صوبائی وزراء نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ترقیاتی پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے حقیقی معنوں میں اقتدار مقامی سطح پر منتقل کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا اگلا مرحلہ مئی میں مکمل ہو جائے گا اور تعلیم، صحت اور پینے کا صاف پانی عوام کو پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے لئے میگا پراجیکٹس ضروری ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی ضروری ہے۔ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر بھرپور توجہ دیں گے

اور مسائل حل کئے جائیں گے۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ عوامی مسائل ان کے حلقوں میں ہی حل کئے جائیں اور منتخب نمائندے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر بھرپور توجہ دیں۔ انھوں نے کہا کہ بجلی، گیس اور انفرا انسٹرکچر کے پروجیکٹس 2018 ء تک مکمل ہو جائیں گے۔ انھوں نے صوبائی وزراء کو ہدایت کی کہ وہ الیکشن میں عوام سے کئے گئے وعدوں پر ہرصورت عملدرآمد کریں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ آئندہ الیکشن میں سرخرو ہو کر عوام کا سامنا کر سکیں۔ترقیاتی میگا پروجیکٹس ترقی کیلئے ضروری ہیں اور عوام کی خوشحالی اور ملکی ترقی کے مخالف پاکستان کے دشمن ہیں۔ انھوں نے عہدیداروں کو دیہی سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے پروگرام میں اعلیٰ معیار پر مبارکباد دی اور کہا کہ آئندہ دو برسوں میں عوام کو لوڈشیڈنگ کے اندھیروں سے نکالیں گے اور عوام ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہونگے۔ انھوں نے اجلاس میں اعلیٰ حکام کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچائی جائیں اور پینے کا صاف پانی عوام کو پہنچایا جائے اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔