عوام ملک سے فرقہ پرستی کا خاتمہ کریں

ہندوستان چھوڑدو تحریک جذبہ کے ساتھ

ذات پات ، کرپشن ، دہشت گردی ، غربت کا صفایا کرکے نیا ہندوستان بنائیں

نئی دہلی ۔ /30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے 70 ویں یوم آزادی سے قبل ہندوستان چھوڑدو تحریک کے جذبہ کو اجاگر کرتے ہوئے ملک کے عوام پر زور دیا کہ وہ ہندوستان سے فرقہ پرستی ، ذات پات ، کرپشن ، دہشت گردی ، غربت کا خاتمہ کرنے کا عہد کریں ۔ سال 2022 ء تک ایک نیا ہندوستان بنائیں جس سے فرقہ پرستی ، ذات پات کے لئے کوئی جگہ نہ ہو ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ ایک ’’ نیا ہندوستان‘‘ بنانے میں مدد کریں ۔ اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’من کی بات‘‘ میں مودی نے /9 اگست 1942 ء کی ہندوستان چھوڑدو تحریک کا حوالہ دیا جس میں مہاتما گاندھی نے انگریزوں کے خلاف تحریک شروع کی تھی اور اس کے بعد کی رونما ہونے والی تبدیلیوں کے نتیجہ میں ہی انگریز ہندوستان سے چلے گئے اور /15 اگست 1947 ء کو ملک آزاد ہوا ۔ اس طرح 1942 ء اور 1947 ء کے درمیان صرف پانچ سال ملک کے لئے فیصلہ کن ثابت ہوئے ۔ اس طرح آئندہ پانچ سال 2017 ء تا 2022 ء کے درمیان ایک اور 5 سال کی مدت میں ملک سے تمام مسائل ختم کرنے کی جدوجہد کی جائے گی ۔ سارے ملک کو درپیش مسائل کا خاتمہ کردیا جائے گا ۔ انہوں نے ان مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ پرستی ، ذات پات ، کرپشن ، دہشت گردی ، غربت میں اصل مسائل ہیں اور عوام کو اس کا خاتمہ کرنے کے لئے پورے جذبہ و استقلال کے ساتھ تعاون کرنے کی ضرورت ہے ۔ جس طرح ہندوستان چھوڑدو تحریک کا جذبہ پیدا کرکے انگریزوں کو ملک سے چلے جانے کے لئے مجبور کردیا گیا تھا ۔ اس طرح فرقہ پرستی ، ذات پات کے خاتمہ کے لئے منظم کوشش کی جائے ہم کو آزادی حاصل کرکے 70 سال ہوچکے ہیں ۔ حکومتیں آتی اور جاتی ہیں ۔ ایک نظام ابھرتا ہے اور اس سے ترقی ملتی ہے ۔ اس ترقی کے ذریعہ ہر ایک کو ان مسائل کے خاتمہ کیلئے تعاون کرنا ہوگا ۔ روزگار پیدا کرکے ، غربت کا خاتمہ کریں اور ملک کو ترقی کی سمت گامزن کریں ۔ کامیابیاں ملتی رہتی ہیں اور توقعات میں اضافہ ہوتا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال یوم آزادی کو اس جذبہ کے ساتھ منایا جائے کہ ہم آئندہ 5 سال میں اپنے تمام مسائل کا خاتمہ کریں گے ۔ اگر 125 کروڑ عوام /9 اگست 1942 کو یاد کرکے /15 اگست کو عہد کریں کہ وہ ایک شہری کی حیثیت سے انفرادی طور پر ملک کی خدمت کریں گے ۔ ایک خاندان کے فرد کے طور پر ایک شہر سے تعلق رکھنے والے فرد یا ایک موضع سے تعلق رکھنے والے باشندہ کی حیثیت سے کام کریں تو مقاصدمیں کامیابی ملنا یقینی ہے ۔ سرکاری محکمہ کے ایک رکن کی حیثیت سے بھی سرکاری ملازمین کام کریں تو کروڑہا عوام کا یہ عہد نئے ہندوستان کو وجود میں لائے گا ۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اس کاز کے لئے تمام طرح کی کوششیں کریں ۔ عوام سے اپنے نظریہ ، آئیڈیاز فراہم کرنے کی خواہش کی جس کی مدد سے وہ لال قلعہ کی فصیل سے اپنی تقریر کے ذریعہ عوام تک پہونچاسکیں ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے کہا کہ ان کی گزشتہ سال کی تقریر طویل ہونے کی شکایت میں نے سنی ہے ۔ اس لئے اب ایک مختصر تقریر کروں گا ۔ میں 40 ، 45 یا 50 منٹ میں تقریر ختم کرنے کی کوشش کروں گا ۔ میں خود کے لئے ایک رول بنانے کی کوشش کروں گا ۔ ماہ اگست سارے ملک کے لئے تاریخی اہمیت رکھتا ہے ۔ اس ماہ ہم کو نیا ہندوستان بنانے کا عہد کرنا ہے ۔