عمران خان کی ’’نئے پاکستان‘‘ تحریک کو چین کی تائید

3 نومبر سے چین کا دورہ، صدر ژی جن پنگ سے ملاقات l سی پی ای سی پراجکٹس، زرعی شعبہ میں ترقی،
غربت کے خاتمہ کیلئے چین کے تجربات سے استفادہ کرنے عمران خان کی خواہش

اسلام آباد ۔ 16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) چین نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے نئے پاکستان کے انیشیٹو کی تائید کی ہے اور یہ بھی کہا کہ کروڑہا ڈالرس کے مصارف سے زیرتعمیر چائنا ۔ پاکستان اکنامک کاریڈرو (CPEC) پراجکٹ پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم رول ادا کرے گا۔ چین کے وزیر برائے بین الاقوامی ترقی سانگ تاؤ نے عمران خان سے پیر کے روز ملاقات کی اور یہ وعدہ کیا تھا کہ پاکستان کے ہر علاقائی اور بین الاقوامی امور میں چین اس کی ہر ممکنہ امداد کرے گا۔ چین نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے پاکستان سے غربت کے خاتمہ کا جو عزم کیا ہے، چین اس کی بھی تائید کرتا ہے۔ علاوہ ازیں بدعنوانی کے خلاف اور زرعی ترقی کیلئے بھی چین پاکستان کے شانہ بشانہ موجود رہے گا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ 60 بلین امریکی ڈالرس کی مالیت والا CPEC پراجکٹ دراصل بیلٹ اینڈ روڈ اینشیٹو (BRI) کا فلیگ شپ پراجکٹ جسے دراصل صدر چین ژی جن پنگ کا بھی پسندیدہ پراجکٹ قرار دیا گیا ہے جس کے ذریعہ وہ دنیا بھر میں چین کے فنڈس سے تعبیر کئے گئے انفراسٹرکچرس کے ذریعہ ملک کا دبدبہ بڑھانا چاہتے ہیں۔ اس پراجکٹ پر ہندوستان نے اعتراض کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ پراجکٹ پاکستانی مقبوضہ کشمیر سے ہوکر گزرتا ہے۔ اس موقع پر مسٹر سانگ نے مزید کہا کہ ان پراجکٹس کے ذریعہ پاکستان اور چین کے عوام سے عوام تعلقات کو بھی مزید فروغ حاصل ہوگا۔ ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور چین کی ’’ہر موسم کی دوستی‘‘ کے پاکستانی عوام پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ یاد رہیکہ عمران خان 3 نومبر کو چین کے دورہ پر روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ صدر چین ژی جن پنگ کے علاوہ دیگر اعلیٰ سطحی قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے متنازعہ سی پی ای سی پراجکٹ اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مستحکم کرنے پر زور دیں گے۔ عمران خان نے جن پنگ کو ایک عظیم قائد اور مقرر قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام بھی ان کا (جن پنگ) بیحد احترام کرتے ہیں اور انہیں پسند بھی کرتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ جس طرح جن پنگ پاکستان اور چین کی دوستی کو ’’آہنی برادر‘‘ سے تعبیر کرتے ہیں، اس سے ہی دونوں ممالک کی دوستی کی شدت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے لہٰذا عمران خان کے دورہ سے دونوں ممالک کی حکمت عملی تعلقات کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان غربت کے خاتمہ، بدعنوانیوں کے خلاف لڑائی اور زرعی شعبہ میں ترقی کیلئے چین کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ مسٹر سانگ تاؤ نے اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کے علاوہ سینئر سیول اور فوجی قائدین سے بھی ملاقات کی۔