عمران خان کا بیان ہندوستانی چنائو پر اثر انداز ہونے کی کوشش

بی جے پی کی جیت سے پاکستان کو فائدہ ہونے کے بعد رائے دہندوں کو چکمہ دینے کی کوشش، وزیراعظم مودی کا انٹرویو
نئی دہلی۔17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان پر ان کے اس دعوے کے لیے چوٹ کی کہ ہند۔پاک امن بات چیت کے لیے بہتر مواقع جاریہ لوک سبھا چنائو میں بی جے پی کی جیت کی صورت میں ہوسکتے ہیں۔ مودی نے کہا کہ یہ دراصل سابق کرکٹر کی ہندوستان میں انتخابات پر اپنی ریورس سوئنگ کے ذریعہ اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔ مودی نے یہ نشاندہی بھی کی کہ عمران نے پاکستان کے انتخابات کے دوران انہیں نشانہ بناتے ہوئے نعرہ لگایا تھا۔ سرکردہ بی جے پی لیڈر نے ٹائمس آف انڈیا کو آج شائع انٹرویو میں بتایا کہ ہمیں یہ فراموش نہیں کرنا چاہئے کہ عمران خان کرکٹر رہے ہیں اور ان کا حالیہ بیان ہندوستانی انتخابات پر ریورس سوئنگ کے ذریعہ اثر ڈالنے کی کوشش ہے۔ تاہم ہندوستانیوں کو بخوبی معلوم ہے کہ ریورس سوئنگ والی گیند پر کس طرح ہیلی کاپٹر شاٹ لگایا جائے۔ ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ انہوں نے پاکستان الیکشن کے دوران مودی کا نام استعمال کیا تھا۔ ان کا نعرہ تھا کہ ’’مودی کا جو یار ہے، وہ غدار ہے وہ غدار ہے‘‘ کانگریس نے عمران کے تبصرے کو استعمال کرتے ہوئے بی جے پی کو الگ تھلگ کرنے کی کوشش کی جس نے اپنے حریفوں پر کئی بار موافق پاکستان جملوں پر طنز کیا ہے۔

انٹرویو میں مودی نے اعتماد ظاہر کیا کہ بی جے پی پہلے سے کہیں زیادہ نشستیں جیتے گی اور کہا کہ وہ پارٹی کے لیے غیر معمولی تائید و حمایت دیکھ رہے ہیں اور 11 اپریل کو پولنگ کے پہلے مرحلے میں ان کا اعتماد بڑھادیا ہے۔ مودی نے 2014ء کے لوک سبھا چنائو میں بی جے پی کو اپنی پہلی اکثریت دلاتے ہوئے 543 نشستوں میں سے 282 جتوائے تھے۔ بی جے پی پر اپنی مہم میں حقیقی مسائل پر توجہ دینے کی وجہ جذباتی مسائل اور جنونی قوم پرستی کو انتخابی موضوع کے طور پر ابھارنے کے الزام پر مودی نے دعوی کیا کہ زیادہ تر تقاریر ترقی کے مسائل کے لیے وقف رہی ہیں لیکن انہیں کبھی شہ سرخیوں میں شامل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا کئی دہوں سے جاری دہشت گردی اور سپاہیوں کی اموات حقیقی مسائل نہیں سمجھے جاسکتے ہیں؟

راہول پر مودی کمیونٹی کی ہتک کا الزام
مہاراشٹرا کے اکلوج میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے راہول گاندھی کو ان کے اس ریمارک پر نشانہ بنایا کہ کیوں تمام چوروں کا نام مودی ہے۔ وزیراعظم نے آج کہا کہ صدر کانگریس اس طنز کے ذریعہ ساری پسماندہ کمیونٹی کی ہتک کے مرتکب ہورہے ہیں جس سے ان (مودی) کا تعلق ہے۔ مودی نے شرد پوار کی خاندانی سیاست کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور دعوی کیا کہ مدھا لوک سبھا حلقہ میں وہ شکست کے خوف سے انتخابی میدان سے علیحدہ ہوگئے۔ کانگریس اور اس کے حلیف کہتے ہیں کہ سماج میں تمام مودی چور ہیں جو پوری پسماندہ برادری کی ہتک ہے۔