علیگڑ ھ مسلم یونیورسٹی میں تعطل ختم

علیگڈھ 29 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) تعطل کو ختم کرتے ہوئے بی جے پی نے راجہ مہیندرا پرتاپ کی یوم پیدائش تقاریب علیگڈھ مسلم یونیورسٹی کے کیمپس میںمنعقد کرنے کا منصوبہ ترک کردیا ہے ۔ یونیورسٹی نے کل ہی خبردار کیا تھا کہ اگر بی جے پی اس طرح کی کوئی تقریب منعقد کرتی ہے تو اس سے فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ ہوگا ۔ یونیورسٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ راجہ کی خدمات پر ایک سمینار کا اہتمام کیا جائیگا ۔ علیگڈھ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ستیش گوتم نے کہا کہ ان کی پارٹی نے اس مسئلہ پر کسی طرح کے تصادم کو ٹالنے کیلئے یہاں تقاریب کے انعقاد سے گریز کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وائس چنسلر نے اعلان کیا ہے کہ وہ قوم کی تعمیر میں راجہ مہیندر پرتاپ کی خدمات پر ایک سمینار منعقد کرینگے ۔

اس دوران علیگڈھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹننٹ جنرل ( ریٹائرڈ ) ضمیر الدین شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں یہ تیقن دیا گیا ہے کہ یکم ڈسمبر کو راجہ مہیندر پرتاپ کی 128 ویں یوم پیدائش کے موقع پر یونیورسٹی کے گیٹ نمبر 1 پر کوئی اجتماع نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں متعلقہ گروپس نے یہ تیقن دیا ہے کہ راجہ کی یوم پیدائش تقاریب ماضی کی روایات کے مطابق راجہ مہیندرا پرتاپ پارک میں منعقد کی جائیں گی ۔ ہم اس تبدیلی پر بہت خوش ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ راجہ کی خدمات پر ایک سمینار کا بہت جلد انعقاد عمل میں لایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرنے بہت جلد ایک سمینار منعقد کرینگے تاکہ قوم کی تعمیر میں ان کے رول کو اجاگر کیا جاسکے ۔ اس سمینار کی تاریخ کا بہت جلد اعلان کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس حقیقت کے اعتراف میں کوئی عذر نہیں ہے کہ راجہ جدوجہد آزادی کے ایک ہیرو تھے ۔

یہ حقیقت ہے کہ راجہ نے اسی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی تھی اور ان کا خاندان یونیورسٹی کے بانیوں سے بہت قربت رکھتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ راجہ نے اس وقت کے مسلم لیڈروں جیسے مولانا محمود الحسن اور مولانا عبداللہ سندھی کے ساتھ جو تحریک چلائی تھی جو جدوجہد آزادی ہند کی تاریخ کا حصہ ہے ۔ علیگڈھ کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے وائس چانسلر کے اس اعلان کا خیر مقدم کیا اور وائس چانسلر کے ساتھ مکتوبات کا تبادلہ عمل میں لایا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اب یونیورسٹی کیمپس میں کوئی تقریب منعقد نہیں کرینگے بلکہ کسی اور مقام پر تقریب کا اہتمام کیا جائیگا ۔