علم کے خزانے

بچو! علم کے خزانے صرف ان ہی لوگوں پر کھلتے ہیں جو دِل و جان سے اس کی تلاش میں منہمک رہتے ہیں۔ علم کی آغوش ان ہی لوگوں کے لئے وا ہوتی ہے جن کے دِل پر غبار نہیں ہوتا اور جو معاملہ فہمی میں اپنا جواب نہیں رکھتے، علم کے حصول پر پوری پوری توجہ دیتے ہیں اور اسے پالینے کے لئے ہر وقت کمربستہ رہتے ہیں۔ جو تھکے ہوئے ہونے کے باوجود حصولِ علم کے شوق میں راتوں کی نیند حرام کرتے ہیں اور مضبوطی سے قدم بڑھاتے ہوئے اس کی انتہائی بلندیوں تک پہنچ جاتے ہیں۔علم ان کے حصے میں نہیں آتا جو کوئی خاص مقصد سامنے رکھے بغیر اِدھر اُدھر بھٹکتے ہیں ۔ طالب علم کو بُری عادتوں سے اعتراض اور بُرے راستوں سے اجتناب کرنا چاہئے، اسے حقیقت کی طرف سے آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئے اور عقل و دلائل کی روشنی میں اپنے راستے پر ثابت قدم رہنا چاہئے۔