عام آدمی پارٹی کا 4ریاستوں میں پارلیمانی مقابلہ

نئی دہلی ۔5جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی نے دہلی میں تمام 7لوک سبھا نشستوں اور ہریانہ کی تمام اسمبلی اور پارلیمانی نشستوں پر مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ ٹاملناڈو میں بعض اور مہاراشٹرا میں اکثر پارلیمانی نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑا کرے گی ۔ عام آدمی پارٹی لیڈر یوگیندر یادو نے تمام شہریوں کیلئے مفت ابتدائی رکنیت کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں بھی عام آدمی ‘‘ عنوان کے تحت ملک گیر سطح پر غیرمرکوز مہم شروع کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10جنوری تا 26جنوری یہ مہم جاری رہے گی اور رکنیت فیس 10روپئے کو بھی ختم کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کنوینر اور چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کی قیادت میں پارٹی انتخابی مقابلہ کرے گی ۔ کجریوال نے لوک سبھا انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ پارٹی کیلئے سرگرم مہم چلائیں گے ۔

عام آدمی پارٹی نے بنیادی سطح پر تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد 15تا 20ریاستوں میں تقریباً 250 تا 300نشستوں پر مقابلہ کا منصوبہ بنایا ہے لیکن قطعی صورتحال آئندہ ماہ ہی واضح ہوسکے گی ۔ یوگیندر یادو نے کہا کہ ہم ابھی آزمائشی مرحلہ سے گذر رہے ہیں ۔ وزارت عظمی امیدوار کے پہلے ہی اعلان کو نامناسب قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے بعد ہی ہمیں یہ اندازہ ہوگیا کہ اس وقت ہم کس مقام پر ہے اور اسی وقت وزارت عظمی امیدوار کا اعلان درست ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ امیدواروں کی پہلی فہرست 15اور 20جنوری کے درمیان پیش کردی جائے گی ۔

تمام منتخبہ امیدواروں کو عوامی جانچ کے مرحلہ سے گذرنا ہوگا اور پولیٹیکل افیئرس کمیٹی قطعی انتخاب کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ کسی ایک حلقہ سے امیدوار کو قطعیت دینے کے بعد مزید درخواستوں پر غور نہیں ہوگا ۔اس کیلئے درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 15جنوری ہے ۔ یوگیندر یادو نے کہا کہ عام آدمی پارٹی ہریانہ کے مجوزہ اسمبلی انتخابات میں تمام 90نشستوں اور ریاست کے 10لوک نشستوں پر مقابلہ کرے گی ۔ ہریانہ میں اسمبلی انتخابات اکٹوبر میں منعقد شدنی ہے لیکن یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہے کہ اسے لوک سبھا انتخابات کے ساتھ منعقد کرایا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ پارٹی کو غیرمعمولی عوامی تائید حاصل ہورہی ہے ۔ دیہی اور شہری علاقوں کے عوام پارٹی میں شمولیت سے دلچسپی رکھتے ہیں اور ہم نے عوام کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں پارٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ‘ چنانچہ اس ملک گیر مہم کے دوران کوئی ممبرشپ فیس نہیں لی جارہی ہے ۔ ایگزیکٹیو کمیٹی رکن گوپال رائے نے کہا کہ رکنیت سازی کے رسائد کی بُک کی کافی قلت ہوگئی ہے کیونکہ عوامی مانگ مسلسل بڑھ رہی ہے چنانچہ ہم نے ملک گیر سطح پر بغیر کسی فیس کے رکنیت سازی کو عام کردیا ہے ۔ اس صورتحال کا 26جنوری کے بعد جائزہ لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ رکنیت سازی مہم 10تا 26جنوری 15دن کیلئے جاری رہے گی ۔