’عارف علوی کے والد‘ جواہر لعل نہرو کے ڈینٹسٹ تھے!

پاکستان کے نئے صدر کے خاندان کا ہندوستان سے پرانا تعلق

اسلام آباد ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی ہندوستان کے ساتھ کچھ دلچسپ تعلق رکھتے ہیں کیونکہ ان کے والد ہندوستان کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کے شخصی ڈینٹسٹ تھے۔ عمران خان کے قریبی ساتھی اور حکمراں پاکستان تحریک انصاف پارٹی (پی ٹی آئی) کے ایک بانی رکن 69 سالہ عارف علوی جو خود بھی ڈینٹسٹ ہیں، گذشتہ روز پاکستان کے 13 واں صدر منتخب ہوئے ہیں۔ پنڈت نہرو کے ڈینٹسٹ کے بیٹے ہونا ہی عارف علوی کیلئے ہندوستان سے واحد تعلق ہی نہیں ہے کیونکہ وہ اپنے اس ملک کے ایسے دوسرے صدر بھی ہیں جن کے خاندان نے آزادی و تقسیم ہند کے بعد پاکستان کو ہجرت کی تھی۔ عارف علوی کے پیشرو ممنون حسین کا خاندان آگرہ سے پاکستان منتقل ہوا تھا۔ سابق فوجی حکمراں پرویز مشرف کے والدین بھی دہلی سے کراچی منتقل ہوئے تھے۔ ایک اور سابق فوجی ڈکٹیٹر ضیاء الحق کے والدین بھی دہلی سے تعلق رکھتے تھے۔ ضیاء الحق مرحوم نے دہلی کے سینٹ اسٹیفن کالج میں تعلیم حاصل کی تھی۔ پاکستان تحریک انصاف پارٹی کے ویب سائیٹ پر پیش کردہ عارف علوی کی مختصر سوانح حیات کے مطابق ڈاکٹر الہٰی علوی، جواہر لعل نہرو کے ڈینٹسٹ تھے۔ تقسیم کے بعد ان کا خاندان پاکستان منتقل ہوگیا اور نومنتخب صدر عارف علوی جن کا پورا نام عارف الرحمن علوی ہے، 1949ء میں کراچی میں پیدا ہوئے جہاں ان کے والد کا خاندان سکونت اختیار کیا تھا۔ بانی پاکستان محمد علی جناح کے خاندان سے بھی علوی کے خاندان کا تعلق رہا ہے کیونکہ جناح کی بہن شیرین بائی جناح کی طرف سے قائم کردہ ٹرسٹ میں عارف علوی کے والد بھی ایک ٹرسٹی تھے۔