عارف علوی پاکستان کے صدر منتخب عمران خان کی پارٹی کے فاتح امیدوار کو قومی اسمبلی میں اکثریت ثابت

اسلام آباد۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف کے ایک بانی رکن ڈاکٹر عارف علوی کو آج اس ملک کے نئے صدر کی حیثیت سے منتخب کرلیا گیا۔ ’’ڈان نیوز‘‘ نے غیرسرکاری نتائج کے حوالے سے کہا کہ علوی نے تین رخی مقابلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مولانا فضل الرحمن کو شکست دے کر اس ملک کے 13 ویں صدر منتخب ہوئے۔ قومی اسمبلی میں انہیں 430 کے منجملہ 212 ووٹ حاصل ہوگئے۔ فضل الرحمن کو 131 اور اعتزاز احسن کو 81 ووٹ ملے۔ 6 ووٹ مسترد کردیئے گئے۔ بلوچستان کی نومنتخب صوبائی اسمبلی میں علوی کے 60 کے منجملہ 45 ووٹ ملے، تاہم پیپلز پارٹی کے زیراہتمام سندھ صوبائی اسمبلی میں اعتزاز احسن کو 100 اور علوی کو 56 ووٹ ملے جبکہ فضل الرحمن کو دلاسے کے طور پر صرف ایک ووٹ مل سکا۔ خیبر پختون خواہ اسمبلی میں علوی کو 109 کے منجملہ 78 ووٹ حاصل ہوئے۔ رحمن اور احسن کو بالترتیب 26 اور 5 ووٹ مل سکے۔ پاکستان میں صدر کو وفاق کی علامت اور سربراہ مملکت سمجھا جاتا ہے جو وزیراعظم کی سفارش پر اپنے تمام اختیارات کا استعمال کیا کرتے ہیں۔ سبکدوش شدنی صدر ممنون حسین کی میعاد 8 ستمبر کو ختم ہوگی۔ 69 سالہ ڈاکٹر علوی جو بہ اعتبار پیشہ دانتوں کے ڈاکٹر ہیں۔ ان کا شمار پاکستان تحریک انصاف کے بانی ارکان میں ہوتا ہے۔