طیارہ میں مسلم خاتون کے ساتھ امتیازی سلوک

شکاگو 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام)سینکڑوں عوام نے عہد کیا کہ یونائیٹڈ ایر لائنس کا بائیکاٹ کریں گے جبکہ ایک مسلم مسافر کے ساتھ مبینہ طور پر اسلامو فوبیا کی وجہ سے فرق و امتیاز کا سلوک کیا گیا جبکہ طیارہ 30 ہزار فیٹ کی بلندی پر پرواز کررہا تھا۔ طاہرہ احمد نے فیس بُک پر اپنے صفحہ میں تحریر کیا ہے کہ اس کے ساتھ امتیازی سلوک کی خبر فوری طور پر شمال مغربی یونیورسٹی شکاگو کے مسجد کے امام نے پورے سماجی میڈیا پر پھیلا دی ۔ مبینہ طور پر طاہرہ احمد نے صحت و صفائی کی بنیاد پر ایک مہر بند سوڈا طلب کیا تھا لیکن اسے جواب دیا گیا کہ مہر بند سوڈا کا ڈبہ لوگوں کو سربراہ نہیں کیا جاتا چنانچہ اسے بھی نہیں ملے گا۔ کیونکہ ایسے ڈبہ کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے لیکن اس نے کہا کہ اس سے متصلہ نشست پر بیٹھے شخص کو مہر بند سوڈے کا ڈبہ سربراہ کیا گیا تھا ۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جبکہ طیارہ 30 ہزار فیٹ کی بلندی پر پرواز کررہا تھا ۔ طاہرہ احمد نے کہا کہ یہ جواب سن کر اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے ۔ فیس بُک پر یہ تبصرہ شائع ہونے کے بعد سماجی میڈیا کے مسلم کارکنوں نے مبینہ واقعہ کو ’’ناقابل معافی ‘‘کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کھلم کھلا مذہبی تعصب کا مظاہرہ ہے چنانچہ انہوں نے اس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور یونائیٹڈ ایر لائنس کی پروازوں کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ۔ یونائیٹڈ ایر لائنس کے ترجمان چارلی ہیوبرٹ نے روزنامہ گارجین سے کہا کہ ایر لائنس طاہرہ احمد سے ربط پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے تا کہ پروازکے دوران ہونے والے واقعہ کے بارے میں بہتر مفاہمت ہوسکے ۔