طوفان سے متاثرہ ریاستوں کیلئے 1 ہزار کروڑ روپئے جاری

مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے پر کانگریس مایوس، وزیراعظم مودی کی انتخابی تقریر
ہنداؤں سٹی (راجستھان) 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ طوفان فانی سے متاثرہ ریاستوں کے لئے زائداز ایک ہزار کروڑ روپئے پیشگی جاری کردیئے گئے ہیں۔ یہاں ایک انتخابی ریالی سے خطاب میں اُنھوں نے کہاکہ حکومت بحران کے وقتوں میں عوام کے ساتھ ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اُنھوں نے فانی کے بارے میں تازہ ترین اطلاعات دیتے رہنے کے لئے کہا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ آج صبح شدید طوفان اڈیشہ سے ٹکرایا۔ وہ راجستھان کے ضلع کراؤلی میں واقع ہنداؤں ٹاؤن میں ریالی سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاہ اوڈیشہ، مغربی بنگال، آندھراپردیش، ٹاملناڈو اور پڈوچیری کے ساحلی علاقوں میں لاکھوں خاندان طوفان سے متاثر ہورہے ہیں اور مرکز ریاستی حکومتوں کے ساتھ ربط میں ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ گزشتہ روز جائزہ اجلاس میں اُنھیں عہدیداروں سے تازہ ترین معلومات حاصل ہوئیں چنانچہ ایک ہزار کروڑ سے زائد رقم اڈوانس جاری کی جاچکی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، انڈین کوسٹ گارڈ، نیوی اور آرمی کو راحت کاری کاموں میں مشغول کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کانگریس کے خلاف اپنے حملے کو جاری رکھتے ہوئے یہ بھی کہاکہ پارٹی جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو لوک سبھا الیکشن کے دوران بین الاقوامی دہشت گرد قرار دیئے جانے پر پریشان ہے اور اِس اعلان کے وقت پر سوال اُٹھارہی ہے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ اپوزیشن پارٹی ملک کی سکیورٹی صورتحال پر ناخوش ہے۔ اقوام متحدہ کے فیصلے پر خوشی منانے کے بجائے اپوزیشن پارٹی اِس کے وقت پر سوال اُٹھارہی ہے۔ کیا ’میڈم‘ یا ’نامدار‘سے پوچھ کر اقوام متحدہ کو کام کرنا چاہئے؟