صرف کھانا، بیٹھنا اور ٹی وی دیکھنا، قلب پر حملہ کا باعث ہوسکتا ہے ؟

واشنگٹن ۔ 22 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بیکار بیٹھنے والو، ہوشیار باش ! امریکہ میں جاری ایک نئی اسٹڈی کے مطابق دن بھر خالی بیٹھنے والوں یا ایسے حضرات جن کو سوائے ٹی وی دیکھنے کے اور کوئی کام نہیں ہے، وہ دورہ قلب سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ آپ نے دیکھا ہوگا کہ اکثر نوجوان لڑ کے بھی اس لت میں مبتلا ہیں۔ پڑھائی لکھائی ان سے نہیں ہوتی ، گھر کا کام کاج بھی نہیں کرتے ، بس کھانا اور صوفے پر دراز ہوکر ٹی وی دیکھتے رہنا ان کا مشغلہ ہوتا ہے ۔ نوجوانوں کے علاوہ ایسے معمر افراد جو اپنی ملازمتوں سے سبکدوش ہوچکے ہیں، وہ بھی اس لت میں مبتلا ہیں لیکن ایسے افراد کا تناسب کم ہے ۔ کیلیفورنیا کی ایک سائنسداں اور کلیدی محقق ڈیبورہ روہم ینگ نے بتایا کہ یہ اسٹڈی اپنی نوعیت کی پہلی اسٹڈی ہے جو اس بات کا پتہ لگا رہی ہے کہ خالی بیٹھے رہنے والے حضرات جن کیلئے Couch Potatoes کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے اور قلب پر حملہ کے مابین کیا روابط ہیں؟

محققین نے اس سلسلہ میں 45 سال تا 69 سال کے تقر یباً 170 مردوں پر اس کا تجزیہ کیا ۔ روہم ینگ کا کہنا ہے کہ تجزیہ کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ کسی بھی شخص کو چاہے اس کی جو بھی عمر ہو ، ہمیشہ فعال رہنا چاہئے اور خالی بیٹھے رہنے یا صرف ٹی وی دیکھتے رہنا یا کسی کھیل میں مشغول رہنا بھی ان کی صحت کیلئے فائدہ مند نہیں ہوسکتا۔ بعض افراد تو ایسے بھی ہوتے ہیں کہ ناشتہ ، لنچ اور ڈنر ڈٹ کر کرتے ہیں اور پھر ریموٹ کنٹرول لیکر صوفے پر دراز ہوتے ہوئے ٹی وی بینی شروع کردیتے ہیں۔ ایسی صورت میں غذا کو ہضم ہونے کا موقع کہاں ملے گا ؟ لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ کیا نوجوان اور کیا معمر Couch Potatoes بننے سے گریز کریں تو بہتر ہوگا ورنہ گیاسس کے علاوہ قلب پر حملہ کے اندیشوں میں ا ضافہ ہوسکتا ہے ۔