صاف ستھرا ہندوستان کا تصور صرف بجٹ مختص کرنے سے پورا نہیں ہوگا

سوچھ بھارت مہم کے کچھ بہتر نتائج برآمد، عوام میں بیداری پیدا کرنے میں حکومت کامیاب، وزیراعظم نریندر مودی کا بیان
نئی دہلی 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نوآبادیات حکمرانی کے خلاف مہاتما گاندھی کے ستیہ گرہ کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج صاف ستھرا ہندوستان بنانے کے لئے سوچھ گرہ تحریک چلانے کی بھرپور وکالت کی۔ اُنھوں نے کہاکہ صرف بجٹ مختص کرنے سے ہندوستان کو صاف ستھرا رکھنے کا مقصد پورا نہیں ہوگا۔ اُنھوں نے سوچھ بھارت کے لئے اِن کی جانب سے شروع کردہ مہم پر تنقید کرنے والوں کو نشانہ بنایا اور کہاکہ اِس مہم کی ناکامی کا ثبوت پیش کرتے ہوئے کچھ لوگ سڑکوں اور دیگر مقامات پر پڑے کچرے کے انبار کے تصاویر پیش کرتے جارہے ہیں۔ میں اِس سلسلہ میں یہ کہوں گا کہ ملک بھر میں صاف ستھرائی کے لئے عوام کے اندر بیداری پیدا ہوچکی ہے۔ صاف ستھرا ہندوستان مہم کے دو سال پورے ہونے پر ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ صفائی مہم کے بعد مجھ سے اکثر سڑکوں پر پڑے کچرے کے بارے میں سوال کیا جاتا ہے لیکن مجھے ایسے سوالوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے کیوں کہ ہماری مہم کے اچھے اثرات ظاہر ہورہے ہیں۔ لوگوں کی اندر بیداری کی علامت پائی جاتی ہے۔ صفائی و ستھرائی کی تعلیم دینا ایک اچھی کوشش ہوتی ہے۔

تمام مذہبی مقامات پر صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ مودی نے نشاندہی کی کہ لوگ بھی کچرے کے انبار کو دیکھنا پسند نہیں کرتے۔ لیکن اِس کے باوجود انھوں نے صفائی کی عادت نہیں ڈالی۔ صفائی و ستھرائی کا مسئلہ حل کرنا سیاست دانوں کے لئے آسان کام نہیں ہے۔ ملک کے بعض علاقوں میں ہر دو سال میں انتخابات میں ہوتے ہیں۔ سیاستدانوں اور سیاسی پارٹیوں کو آئندہ انتخابات کے لئے تیاری کرنی ہوتی ہے اِس کے لئے بڑے حوصلے کی ضرورت ہے۔ صاف ستھرائی کی مہم چلانا بھی ایک بہت بڑے حوصلے کا کام ہے۔ کوئی بھی شخص کچرے کے انبار کی تصویر پیش کرکے چیلنج کرسکتا ہے لیکن اِس سے مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔ اُنھوں نے کہاکہ کچرے کو دولت بنانے اور روزگار حاصل کرنے کے لئے ری سائیکلنگ کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ صفائی کا ابھیان بھی اچھے ہی کچرے سے تیار کردہ اشیاء سے شروع کیا جاتا ہے۔ بچوں کے اندر بھی صاف صفائی سے متعلق مسائل کے بارے میں واقف کروانا ضروری ہے اور بچے ازخود صفائی کا خاص خیال رکھتے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ میرے سوچھ ابھیان نے عوام کی زندگیوں میں تبدیلی لائی ہے اور وہ بیدار ہوکر صفائی کا خاص خیال رکھنے لگے ہیں۔ شہروں اور ٹاؤنس میں بھی صفائی دیکھی جارہی ہے۔ صفائی مہم کے لئے میڈیا کے مثبت رول کی ستائش کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ مجھ سے زیادہ اگر کوئی شخص صفائی پر دھیان رکھ رہا ہے تو یہ قابل ستائش بات ہے اور میڈیا نے بھی صفائی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ اکثر میڈیا کو حکومت کی جانب سے شروع کردہ نئی اسکیمات کی فکر ہوتی ہے لیکن اِس مرتبہ میڈیا نے صفائی پیام پھیلانے میں قابل قدر خدمت انجام دی ہے۔