شیخ چلّی

شیخ چلّی
بچو!شیخ چلّی کا نام ہم سب نے سنا ہوا ہے۔ یہ تو ہمیں معلوم نہیں کہ شیخ چلّی کب پیدا ہوئے؟ انہوں نے کتنی عمر پائی۔ کہاں کہاں رہے۔
لیکن ہاں ان کے بارے میں جو کہانیاں مشہور ہیں ان سے معلوم ہوتا ہیکہ ان کا زمانہ آج سے کئی سو سال پہلے تھا۔ ان کا اصل نام کچھ اور ہوگا لیکن آج سب لوگ انہیں شیخ چلّی ہی کے نام سے جانتے ہیں۔یہ عجیب بات ہیکہ شیخ چلّی کے بارے میں جو کہانیاں مشہور ہیں، ان میں بہت سی ایسی ہیں جنہوں نے ایران اور ترکی میں ملا نصرالدین کے نام سے شہرت پائی ہے۔ کہتے ہیں، خواجہ نصرالدین آق شہر کے رہنے والے تھے جو ترکی کی ایک بستی ہے۔ وہ مدت تک اس شہر کے قاضی بھی رہے۔ ملا نصرالدین اگرچہ ترکی کے رہنے والے تھے لیکن ان کے حالات پڑھ کر ان میں اور شیخ چلّی میں کوئی فرق معلوم نہیں ہوتا۔

بس یہ حال ہے کہ ایک کو چھپاؤ اور دوسرے کو نکالو۔ شیخ چلّی چاہے کہیں کے ہوں ان کی کہانیاں سب انسانوں کی ملکیت ہیں۔ ہر ملک کے لوگ ان کی کہانیوں سے لطف اٹھاتے ہیں اور ان کی مزے مزے کی باتیں سن کر بے اختیار ہنس پڑتے ہیں۔ ان میں سے کچھ کہانیاں ایسی ہیں جن کو پڑھ کے معلوم ہوتا ہیکہ شیخ چلی کو عقل چھو کے بھی نہیں گئی تھی لیکن بہت سی کہانیوں سے معلوم ہوتا ہیکہ بڑی سوجھ بوجھ کے آدمی تھے۔ بعض لوگوں کا خیال تھا کہ وہ تھے تو عقلمند لیکن کبھی کبھی جان بوجھ کر بیوقوف بھی بن جایا کرتے تھے۔