شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کو پدم وبھوشن

ممبئی۔13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) افسانوی اداکار دلیپ کمار کو وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج باندرہ میں واقع ان کی رہائش گاہ پہونچ کر باوقار پدم وبھوشن ایوارڈ پیش کیا۔ 93 سالہ شہرہ آفاق اداکار کو ان کی اہلیہ سائرہ بانو کی موجودگی میں راج ناتھ سنگھ نے ایک میڈل ایک توصیفی سند اور شال پیش کی۔ اس موقع پر مہاراشٹرا کے گورنر سی ایچ ودیاساگر رائو ، چیف منسٹر دیوندر فڈنویس، امیتابھ بچن اور دیگر ممتاز شخصیات موجود تھیں۔ یوم جمہوریہ کے ضمن میں حکومت نے 25 جنوری 2015 ء کو امیتابھ بچن اور دیگر ممتاز شخصیات کے ساتھ دلیپ کمار کو بھی یہ ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا لیکن وہ ناسازی صحت کے سبب اپریل کے دوران راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔ دلیپ کمار نے جن کا پیدائشی نام یوسف خاں ہے، 1944 ء میں بمبئی ٹاکیز کی طرف سے تیار کردہ فلم ’جوار بھاٹا‘ سے اپنی فلمی زندگی کا آغاز کیا تھا۔ بعدازاں 60 سال تک بالی ووڈ پر اداکاری کے ذریعہ راج کرتے رہے۔ مغل اعظم ، آن، آزاد ، انداز، دیوداس، کرانتی (1981)، شکتی (1982)، کرما (1986) اور سوداگر(1991) جیسی ہٹ فلموں میں کلیدی رول ادا کیا۔

ان کی آخری فلم قلعہ (1998) رہی۔ باوقار قومی ایوارڈ کی پیشکشی کے موقع پر سیاہ سوٹ میں ملبوس دلیپ کمار بمشکل آنکھ کھول سکے اور ان کی بیوی سائرہ بانو نے ایوارڈ لیتے وقت اپنے شوہر کو سہارا دیتے ہوئے مدد کی۔ بالی ووڈ اسٹار امیتابھ بچن نے جو اس موقع پر موجود تھے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’ میں بھی گزشتہ کئی سال سے دلیپ کمار کا بے پناہ مداح رہا ہوں۔ یہ (ایوارڈ کی پیکشی) ہم سب کے لئے ایک خوشی اور فخر کا لمحہ ہے۔‘‘ امیتابھ بچن نے کہا کہ جب ہندوستانی سنیما کی تاریخ لکھی جائے گی تو یہ دلیپ صاحب سے پہلے اور دلیپ صاحب کے بعد پر ہوگی۔