شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری، ایک شخص نالہ میں بہہ گیا

کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، ٹریفک متاثر، مزید بارش کی پیش قیاسی ، جی ایچ ایم سی چوکس

حیدرآباد۔17اکٹوبر(سیاست نیوز) شہر میں اگلے 36 گھنٹوں کے دوران موسلا دھار اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق شہر میں آئندہ 36گھنٹوں کے دوران ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس کے بعد موسم دوبارہ خشک ہوجائے گا۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف علاقوں میں گذشتہ یوم سے جاری ہلکی اور تیز بارش کے دوران 16اکٹوبر کو ایک شخص کے نالہ میں بہہ جانے سے موت واقع ہوچکی ہے لیکن 16اکٹوبر کی رات دیر گئے تک بھی شہر کے کئی علاقو ںمیں بارش نہیں ہوئی بلکہ 17اکٹوبر کی علی الصبح مادھا پور‘ یوسف گوڑہ‘ جوبلی ہلز ‘ امیر پیٹ اور کئی علاقوں میں شدید بارش کے سبب صورتحال انتہائی ابتر ہوگئی اور سڑکیں جھیل میں تبدیل ہونے کے سبب کئی گھنٹوں تک اہم سڑکوں پر ٹریفک جام رہی ۔ دوپہر میں شہر کے کئی علاقوں میں اچانک موسم تبدیل ہونے اور مطلع ابرآلود ہونے کے ساتھ ساتھ موسلا دھار بارش کی شروعات ہوگئی جس کے سبب شہر کے کئی علاقوں میں گھروں اور تجارتی ادارو ںمیں پانی داخل ہونے کی شکایات موصول ہوئیں ۔

نئے شہر کی بعض مصروف ترین سڑکوں پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ ڈساسٹر ریلیف فورس کے عملہ کو سڑکوں سے پانی کی نکاسی کا انتظام کرتے دیکھا گیا جبکہ پرانے شہر کے علاقوں میں صورتحال انتہائی ابتر رہی اورپرانے شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باوجود جی ایچ ایم سی کا عملہ کہیں نظر نہیں آیا اور کئی مقامات پر عوام کو اپنے طور پر پانی کی نکاسی کی کوششیں کرتے دیکھا گیا۔پرانے شہر کے علاقو ںمیں دوپہر کے بعد بارش کا آغاز ہوا جبکہ بالا نگر‘ صنعت نگر‘ یوسف گوڑہ‘ رحمت نگر‘ جوبلی ہلز ‘ بنجارہ ہلز اور امیر پیٹ کے علاقوں میں صبح سے ہی وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے بلکہ ان علاقوںکے علاوہ بندلہ گوڑہ اور راجندر نگر کے کئی علاقوں میں گذشتہ یوم سے ہی ہلکی اور تیز بارش ہورہی تھی ۔شمس آباد ‘ اپل‘ ملکا جگری‘ عنبر پیٹ اور ملک پیٹ و دلسکھ نگر کے علاقوں میں بارش جاری ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق شہر حیدرآباد کے علاوہ بلدی حدود میں ایمرجنسی عملہ کو متحرک و چوکس رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی طرح کے ہنگامی حالات سے فوری نمٹنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔مہدی پٹنم اور آصف نگر کے علاقہ میں سب سے زیادہ 61.8ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے کم بارش گولکنڈہ زون کے راڈر پر ریکارڈ کی گئی جہاں صرف 2.8 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ سرور نگر میں 52.8ایم ایم‘ جوبلی ہلز میں 46ایم ایم‘ مشیرآباد 44 ملی میٹر‘ خیریت آباد 43.5‘ ملک پیٹ 36.5ایم ایم‘ بیگم پیٹ 35ایم ایم ‘ عنبر پیٹ 34.5‘ ایل بی نگر 31ملی میٹر اور سکندرآباد میں 26.8ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ چارمینار ‘ نامپلی ‘ بندلہ گوڑہ راجندر نگر‘ بہادر پورہ قطب اللہ پور اور شیخ پیٹ کے علاقو ںمیں 15 ملی میٹر سے کم بارش ریکارڈ کی گئی ۔ شہر میں ہوئی بارش کے ساتھ ہی شہر کی اہم سڑکوں پر ٹریفک جام کے مسائل پیدا ہوگئے اور شہر کی کئی مصروف ترین شاہراہوں پر گھنٹوں ٹریفک جام رہی ۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے شہر حیدرآباد میں ہونے والی بارش اور اس کے سبب پیدا صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اگلے 48 گھنٹوں کے لئے جی ایچ ایم سی کے کنٹرول روم کو چوکس رکھنے اور ہمہ وقت موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔