شہری علاقوں میں غریبوں کیلئے سرکاری کالونیوں کی تعمیر کا فیصلہ

حیدرآباد۔ یکم ستمبر ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ دلت علاقوں اور غریب افراد کے مکانات سے غریبت کا خامہ کرنا ہی ان کی حکومت کا اہم مقصد ہوگا اور غریب افراد بھی وقار کی زندگی گذارنے کیلئے صدفیصد حکومت کے مصارف سے مکانات تعمیر کروائے جائیں گے ۔ بالخصوص شہر حیدرآباد میں غریب بستیوں میں اچھے پختہ مکانات تعمیر کروانے کے عزم کا مسٹر چندر شیکھر راؤ نے اظہار کیا ۔ آج یہاں سکندرآباد کے بھوئی گوڑہ میں واقع آئی ڈی ایچ کالونی کا چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دورہ کیا اور چھ کالونیوں کا مشاہدہ کیا اور وہاں مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ یہاں تک اس علاقہ میں پائی جانے والی ہمہ منزلہ عمارتوں کی خستہ حالت اور منہدم ہونے کے موقف میں پائی جانے والی عمارتوں سے چیف منسٹر کے دورہ کا نظارہ کرنے والے افراد بشمول خواتین کو اس بات کا تیقن دیا کہ وہ بہت جلد مؤثر اقدامات کریں گے ۔ شہر حیدرآباد کے مختلف مقامات پر خستہ حال عمارتوں کی صورتحال پر اپنے گہرے تاسف کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی موقع پر منہدم ہونے والی عمارتوں میں اپنی جان ہتھیلی میں لیکر اپنی زندگیاں گذارنا انتہائی بدبختانہ بات ہے ۔ ان افراد کو کم از کم بنیادی سہولتیں بھی فراہم نہ کیا جانا بہت ہی افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ڈی ایچ کالونی میں بہت جلد مکانات تعمیر کروانے کیلئے کسی کو بھی ایک روپیہ دینے کی ضرورت نہیں رہے گی ۔ صدفیصد سرکاری مصارف سے مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ موجودہ مکانات کسی بھی وقت منہدم ہوسکتے ہیں لہذا انہیں فوری طور پر خالی کرنے کی خواہش کی ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اعلان کیا کہ آئندہ چار پانچ ماہ کے دوران نئے مکانات تعمیر کروائے جائیں گے اور کل سے ہی لے آؤٹس کے کاموں کا آغاز کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں مقامی رکن اسمبلی ‘ کمشنر میونسپل کارپوریشن حیدرآباد اور سکریٹری بلدی نظم و نسق سے خصوصی توجہ لینے کی چیفمنسٹر نے خواہش کی ۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے خواتین کے نام پر پٹہ جات عطا کر کے رجسٹریشن کروانے کے ساتھ ساتھ شہر حیدرآباد میں بھوئی گوڑہ علاقہ سے ہی غریب عوام کیلئے امکنہ جات کی تعمیر کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ‘ یہ ایک ماڈل کالونی کی طرح ہوگی ۔ ہر خاندان کیلئے دو بیڈرومس ‘ ایک ہال اور باورچی خانہ پر مشتمل مکان ہوگا ۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ اس کالونی کیلئے بہترین سڑکیں ‘ بقی و پینے کے پانی کی سربراہی و ڈرینج جیسی بنیادی سہولتوں کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ سہولت بھی فراہم کی جائے گی ۔ علاوہ ازیں اس کالونی میں ترکاری مارکٹ ‘ گوشت کی مارکٹ و دیگر شاپس وغیرہ کا بھی انتظام کیا جائے گا ۔ انہوں نے آئی ڈی ایچ کالونی کے افراد سے پانچ ماہ تک کسی اور مقام پر منتقل ہونے اور عہدیداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی خواہش کی ۔ اس علاقہ پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ہمراہ وزیر نشہ بندی و آبکاری مسٹر ٹی پدما راؤ ‘ رکن اسمبلی حلقہ صنعت نگر مسٹر ٹی سرینواس یادو ‘ کمشنر جی ایچ ایم سی سومیش کمار ‘ سکریٹری بلدی نظم و نسق مسٹر متیا و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔