شہباز شریف کی تحویل میں 14 دنوں کی توسیع

لاہور ۔ 16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی ایک عدالت نے منگل کے روز پی ایم ایل (این) سربراہ اور اپوزیشن قائد شہباز شریف کے ریمانڈ میں 14 دنوں کی توسیع کردی ہے جو دراصل 1400 کروڑ روپئے کے ہاؤسنگ اسکام میں ملوث ہیں۔ 67 سالہ شہباز شریف سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے چھوٹے بھائی ہیں، کو قومی احتسابی بیوریو نے 5 اکٹوبر کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ پراجکٹ اسکام میں ملوث پائے جانے کی پاداش میں گرفتار کیا تھا۔ انہیں 10 دنوں کیلئے NAB کی تحویل میں دیا گیا تھا۔ پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ کو سختی سیکوریٹی میں احتسابی عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ اس موقع پر عدالت کی عمارت کے قریب پی ایم ایل (این) کے سینکڑوں ورکرس بھی موجود تھے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ہاؤسنگ پراجکٹ کے کنٹراکٹ میں انہوں نے کوئی غبن نہیں کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے 10 روزہ ریمانڈ کے دوران NAB ان کے خلاف کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کرسکی اور حیرت کی بات یہ ہیکہ جب وہ (شہباز) NAB کے ساتھ ہر ممکنہ تعاون کررہے ہیں تو ان کے ریمانڈ میں توسیع کا مطالبہ کیوں کیا جارہا ہے۔ گذشتہ تین دنوں میں NAB کے کسی بھی آفیسر نے کوئی تحقیقات نہیں کی ہے۔ تمام دلائل کی سماعت کے بعد عدالت نے شہباز شریف کی تحویل میں مزید 14 دنوں کی توسیع کردی۔