شکست کے خوف سے مودی کا چہرہ زرد پڑ گیا : ممتا

پانی گھاٹ (مغربی بنگال)۔ 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال و ترنمول سربراہ ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی ’ہراتنکا‘ ( ہار کے خوف ) میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ مودی مغربی بنگال کے عوام کو مذہبی خطوط پر تقسیم کرکے کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ممتا نے کہا کہ مودی کو یقین ہوگیا ہے کہ وہ الیکشن ہار جائیں گے اور ان کا چہرہ زرد پڑ گیا ہے اور اترپردیش، گجرات، اڈیشہ میں شکست کے خوف کے باعث ناقابل فہم مایوسی کا اظہار کررہے ہیں۔ ممتا بنرجی نے ایک انتخابی جلسہ سے خطاب میں کہا کہ مجھے کوئی پریشانی نہیں ہوگی، اگر بی جے پی کو تریپورہ میں کامیابی حاصل ہوجائے لیکن اس سے انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ اس لئے کہ اس سے انہیں پارلیمان کی 543 سیٹ حاصل نہیں ہوں گی، یہی وجہ ہے کہ وہ بنگال کے چکر لگا رہے ہیں کہ ہندوؤں اور مسلمانوں کو تقسیم کرکے ووٹ حاصل کرسکیں۔ بی جے پی کے اس الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مغربی بنگال کی چیف منسٹر ہونے کے باوجود بھی اس ریاست کے لئے کچھ نہیں کیا۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ اگر ایسا ہے تو اس ریاست کے عوام ان سے جواب طلب کریں گے۔