شکاری اور شیر

ایک آدمی ایک جنگل سے گذر رہا تھا، اس نے دیکھا کہ دور ایک شیر چپکے چپکے اس کی طرف قدم بڑھا رہا ہے۔ اب وہ شخص جانتا تھا کہ اگر میں تیز بھاگا تو شیر مجھ سے بھی زیادہ تیز بھاگ کر مجھ پر حملہ کر دے گا۔ وہ چلتا رہا اور مڑ مڑ کر شیر کی حرکات کو بھی دیکھتا رہا۔ ساتھ ہی ساتھ وہ کوئی ترکیب بھی سوچتا رہا جس سے وہ شیر سے جان بچاسکے۔
آخر وہ ایک اونچے ٹیلے پر پہنچا اور اس کے اوپر چڑھ گیا۔ سورج اب غروب ہونے کے قریب تھا اور روشنی کم ہورہی تھی۔ اس شخص نے چاروں طرف دیکھا تو اسے اپنے سامنے ایک بڑا گہرا گڑھا نظر آیا جس میں بڑی بڑی چٹانیں تھیں۔ اس نے اپنی ٹوپی اور کوٹ اُتار کر ایک لکڑی زمین میں گاڑ کر اس پر اوڑھا دیئے۔ پھر خود ایک چٹان کے پیچھے چھپ گیا۔ شیر نے خیال کیا کہ یہ آدمی کھڑا ہوا ہے۔ اس نے زور سے چھلانگ لگائی تو وہ گہرے گڑھے میں جاگر ا اور اس میں جو چٹانیں تھیں، ان سے ٹکرا کر مرگیا۔ اس طرح اس آدمی کی زندگی بچ گئی۔