شمیمہ بیگم کو بنگلہ دیش آنے پر پھانسی دی جائیگی

لندن ۔ 3 مئی (ساست ڈاٹ کام) برطانیہ سے فرار ہونے والی داعش کی دلہن شمیمہ بیگم اگر بنگلہ دیش کو آتی ہیں تو انہیں پھانسی دی جائے گی۔ دہشت گردی کی تائید کرنے کی پاداش میں انہیں سزاء دی جانی چاہئے۔ بنگلہ دیش کے وزارت خارجہ نے یہ وارننگ جاری کی۔ وزیرخارجہ عبدالمؤمن نے کہا کہ 19 سالہ شمیمہ بیگم جس نے برطانیہ سے شام کیلئے فرار ہوکر داعش میں شمولیت اختیار کی تھی فی الحال وہ شام کے پناہ گزین کیمپ میں مقیم ہے۔ اسے دہشت گردی کی تائید کرنے پر سخت سزاء دی جائے گی۔ شمیمہ بیگم ان تین اسکولی طالبات میں سے ایک ہے جنہوں نے 2015ء میں برطانیہ سے فرار ہوکر دہشت گرد گروپ میں شامل ہوگئے تھے۔ عبدالمؤمن نے کہا کہ ہمیں شمیمہ بیگم سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ وہ بنگلہ دیش کی شہری نہیں ہے۔ اس نے بنگلہ دیشی شہریت کیلئے بھی اپیل نہیں کی۔ وہ انگلینڈ میں پیدا ہوئی اور اس کی ماں برطانوی شہری ہے۔ اگر کوئی دہشت گردی میں ملوث ہوتو ہمارے پاس سادہ سا قانون یہی ہیکہ اسے سزائے موت دی جائے ۔ ہم اسے جیل میں ڈال دیں گے اور پھانسی پر چڑھادیں گے۔ وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ افسوس کی بات ہیکہ شمیمہ بیگم اب کسی بھی ملک کی نہیں رہی۔ ہم دیکھتے ہیں کہ کئی لوگ بے یار و مددگار ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے برطانوی حکومت کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا جس نے شمیمہ بیگم کی برطانوی شہریت کو ختم کردیا ہے۔