شمالی کوریا پر دباؤ میں اضافہ، ابے ۔اسٹولٹن برگ متفق

ٹوکیو۔ 31 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) جاپانی وزیر اعظم اور نیٹو کے سیکرٹری جنرل کے مابین ٹوکیو میں ہونے والی ایک ملاقات میں اس بات پر اتفاق رائے کا اظہار کیا گیا کہ شمالی کوریا پر بین الاقوامی دباؤ بڑھایا جانا چاہیے۔ وزیر اعظم شینزو آبے اور مغربی دفاعی اتحاد کے سیکرٹری جنرل ڑینس اسٹولٹن برگ نے کہا کہ کمیونسٹ کوریا کو اس کے جوہری اور میزائل پروگراموں سے روکنے کیلئے پیونگ یانگ حکومت پر مزید دباؤ ڈالا جانا چاہیے۔ اپنی ایک ملاقات کے بعد جاپانی دارالحکومت میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان دونوں رہنماؤں نے اس اتفاق رائے کو ایک ’اہم پیش رفت‘ قرار دیا۔ اسٹولٹن برگ جاپان کے چار روزہ دورے پر ہیں، جہاں سے وہ چہارشنبہ کے روز جنوبی کوریا جائیں گے۔