ششی کلا ٹاملناڈو چیف منسٹر بننے کے لئے تیار

چینائی:اے ائی اے ڈی ایم کے اراکین اسمبلی نے اتوار کے روز پارٹی کی جنرل سکریٹری وی کے ششی کلا کو قائد مقننہ کے طور پر منتخب کیا ہے‘ جس کے بعد ان کے چیف منسٹر بننے کے تمام راستے ہموار ہوگئے ہیں۔

اراکین اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ایک طویل عرصہ تک جئے للیتا کی بااعتماد رہنے والے 59سالہ ششی کلا نے کہاکہ چیف منسٹر او پنیروسلوم نے حکومت کی قیادت کے لئے مجھ پر زوردیا ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ جئے للیتا کی موت کے بعد ڈسمبر میں پنیروسیلوم نے ہی مجھے اے ائی اے ڈی ایم کے صدر بننے کے لئے مجبور کیاتھا۔ششی کلا نے واضح طور پر کہاکہ ٹاملناڈو حکومت جئے للیتا کے نقش قدم پر ہی چلے گی۔

اے ائی اے ڈی ایم کے ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ششی کلاکے نام کو قائد مقننہ کے طور پر سب سے پہلے پنیروسیلوم نے پیش کیاجس کے بعد دیگر اراکین اسمبلی نے اس کو آگے بڑھایا۔

مذکورہ انتخابات سے یہ بات تو صاف ہوگئی کہ ششی کلا کے اے ائی اے ڈی ایم کے صدر منتخب ہونے کے بعدسے جو قیاس ارائیاں کی جارہی تھیں وہ اب ختم ہوجائیں گی۔قبل ازیں پنیروسیلوم کے علاوہ دیگر وزراء نے ششی کلا سے ان کی رہائش گاہ پویس گارڈن پہنچ کر ملاقات کی جہاں پر وہ مستقبل ھر مقیم ہیں۔

ششی کلاء نے ایک روزقبل ہی چند سابق وزراء کا تقرر عمل میں لایا تھا جس کو جئے للیتا نے وزرات سے بیدخل کرتے ہوئے پارٹی کے دیگر عہدوں پر تقرر عمل میں لایاتھا۔ جس کے فوری بعد شارٹ نوٹس پر وزراء کا یہ اجلاس منعقد کیاگیا ۔