شریف فیملی کی ضمانت انتخابات کے انعقاد تک ملتوی

نواز شریف کے نواسے جنید صفدر کی پاکستان آمد، انتخابی ریالیوں سے خطاب
جیل میں نانا اور والدین سے ملاقات کا امکان

اسلام آباد ۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی ایک عدالت نے جیل کی سزاء کاٹ رہے سابق پاکستانی وزیراعظم نواز شریف، ان کی دختر مریم اور داماد محمد صفدر کی جانب سے داخل کردہ اپیلوں کی سماعت جاریہ ماہ کے اواخر تک ملتوی کردی ہے۔ اس طرح ان کی امیدوں پر پانی پھر گیا جہاں انہیں اس بات کا یقین تھا کہ انہیں انتخابات سے قبل رہا کردیا جائے گا اور وہ اپنی پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لے سکیں گے۔ یاد رہیکہ پاکستان میں عام انتخابات 25 جولائی کو منعقد شدنی ہیں اور نواز شریف کی پی ایم ایل (این) پارٹی کو یہی توقع تھی کہ نواز شریف کو 25 جولائی سے قبل ضمانت پر رہا کردیا جائے گا اور بعدازاں موصوف انتخابی ریالیوں میں شریک ہوکر پارٹی کے موقف کو مستحکم کریں گے۔ واضح رہیکہ تینوں ملزمین نے ایونفیلڈ کرپشن کیس میں صادر کئے گئے عدالت کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے اپیلوں کا ادخال کیا تھا۔ جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسین اورنگ زیب پر مشتمل ایک دو رکنی بنچ نے اپیلوں کی سماعت کی اور قومی احتسابی عدالت (NAB) کو نوٹسیں جاری کیں اور اس کیس کے ریکارڈ کو پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔ بعدازاں بنچ نے اس معاملہ کی آئندہ سماعت جاریہ ماہ کے اواخر تک ملتوی کردی جس کا واضح مطلب یہ ہوا کہ آئندہ سماعت اب 25 جولائی کے بعد ہی ممکن ہے اور رائے دہی کے لئے اس دن تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ قبل ازیں نواز شریف کے قریبی ساتھی اور پی ایم ایل (این) قائد پرویز رشید نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ بغیر کوئی وقت ضائع کئے اپیلوں کی سماعت کی جائے۔ 6 جولائی کو نواز شریف کو دس سال کی اور مریم کو سات سال کی قید بامشقت سنائی گئی تھی جبکہ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے نواز کی جانب سے اور مریم کے وکیل امجد پرویز نے مریم کی جانب سے اپیلوں کا ادخال کیا تھا۔ اس وقت نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر آڈیالا جیل میں قید ہیں۔ دوسری طرف پی ایم ایل (این) کے ذرائع نے بتایا کہ 25 جولائی کے عام انتخابات کیلئے نواز شریف کے نواسے کو انتخابی مہمات میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو شریف خاندان کی تیسری نسل کے پہلے ایسے رکن ہوں گے جو کسی سیاسی مہم کا حصہ ہوں گے۔ برطانیہ کی ایک یونیورسٹی میں پالیٹکس کے طالب علم جنید صفدر کل ہی پاکستان پہنچے ہیں جہاں وہ اپنے نانا نواز شریف، والدہ مریم اور والد محمد صفدر سے جیل پہنچ کر ملاقات کریں گے۔ دوسری طرف انگریزی اخبار ڈان نے بھی پی ایم ایل (این) کے ایک سینئر قائد کے حوالہ سے کہا کہ جنید صفدر اگر آڈیالا جیل میں اپنے نانا اور والدین سے ملاقات نہ بھی کرسکیں لیکن اس کے باوجود وہ مختلف حلقہ رائے دہی میں کارنر میٹنگس سے خطاب کریں گے۔