شرد پوار، ڈگ وجے سنگھ، شیلجہ راجیہ سبھا کیلئے بلامقابلہ منتخب

نئی دہلی /31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر این سی پی شرد پوار، کانگریس کے موتی لال ووہرا، ڈگ وجے سنگھ، مرلی دیورا اور کماری شیلجہ، آر پی آئی کے رام داس اتھاولے اور بی جے پی کے وجے گوئل ان 37 امیدواروں میں شامل ہیں، جنھیں آج راجیہ سبھا کے لئے بلامقابلہ منتخب کرلیا گیا۔ مختلف ریاستوں میں راجیہ سبھا کے لئے منعقدہ انتخابات میں کئی امیدوار میدان میں ہیں، ماباقی 18 نشستوں کے لئے 7 فروری کو رائے دہی ہوگی۔ آندھرا پردیش 6، مغربی بنگال 5، اوڈیشہ 4 اور آسام کی نشستوں کے لئے رائے دہی ہوگی۔ سنجے سنہا جن کی امیدواری پر آسام میں زبردست احتجاج ہوا تھا، کانگریس کے ٹی سبی رامی ریڈی اور کے وی پی رام چندر راؤ اور ٹی آر ایس کے کیشو راؤ (تمام آندھرا پردیش) کے علاوہ ترنمول کانگریس امیدوار اداکار متھن چکرورتی (مغربی بنگال) انتخابی میدان میں رہ گئے ہیں۔ مرکزی وزیر شرد پوار جنھوں نے لوک سبھا انتخابات سے دور رہنے کا فیصلہ کیا تھا اور مرلی دیورا مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے 7 امیدواروں میں شامل ہیں، جنھیں منتخب کیا گیا۔ دیگر امیدواروں میں مجید میمن (این سی پی)، حسین دلوی (کانگریس)، راجکمار دھوت (شیوسینا)، سنجے کاکڈے (آزاد) اور اتھاولے جنھیں بی جے پی کی تائید حاصل ہے، شامل ہیں۔ آندھرا پردیش میں تلنگانہ مسئلہ پر اتھل پتھل ہو رہی ہے۔ کانگریس کے ایک باغی رکن کے بشمول 7 امیدواروں کو 6 نشستوں کے لئے میدان میں اتارا گیا ہے۔