شاہ رخ خاں کی فلم ’ دل والے ‘ کے بائیکاٹ پر تنازعہ

محاذی تنظیم کی اپیل سے راج ٹھاکرے کا اختلاف
ممبئی ۔ 15 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : مہاراشٹرا نونرمان سینا سے ملحقہ چتراپت کرمچاری سینا کی جانب سے یہ اپیل کئے جانے پر کہ شاہ رخ خاں کی فلم ’ دل والے ‘ نہ دیکھی جائے ایک دن بعد پارٹی صدر راج ٹھاکرے آج اس تنازعہ سے لاتعلقی کا اظہار کیا اور کہا کہ اداکار کی فلم کا بائیکاٹ ان کی پارٹی کا موقف نہیں ہے ۔ ایم این ایس چتراپت کرمچاری سینا کے سربراہ امیے کھوپکر نے کل عوام سے فلم ’ دل والے ‘ نہ دیکھنے کی اپیل کی تھی جو کہ اس ہفتہ ریلیز ہونے والی ہے اور یہ شکایت کی تھی کہ فلمی اداکار نے مہاراشٹرا میں کسانوں کے مسائل سے چشم پوشی اختیار کرلی ہے جب کہ چینائی میں سیلاب کے متاثرین کے لیے ایک کروڑ کا عطیہ دیا ہے ۔ اس کے برخلاف مہاراشٹرا میں خشک سالی سے متاثرہ کسانوں کو نظر انداز کردیا گیا ۔ جس پر چتراپت سینا نے مذمت کا اظہار کیا ہے ۔ مسٹر راج ٹھاکرے نے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ چتراپت سینا نے بالکلیہ درست کہا ہے اور شاہ رخ کا تذکرہ کئے بغیر کہا کہ مہاراشٹرا آکر شہرت اور دولت کمائی لیکن ریاست کو فراموش کردینا مناسب نہیں ہے ۔ اور انہیں ( خان ) یہ بات سمجھ لینی چاہئے ۔ تاہم انہوں نے یہ وضاحت کی کہ فلم کے بائیکاٹ کی اپیل پارٹی کا موقف نہیں ہے بلکہ ایک محاذی تنظیم کے لیڈرکا کرب ہے ۔ مسٹر کھوپکر نے کل یہ الزام عائد کیا تھا کہ شاہ رخ خان نے ممبئی آکر زبردست دولت کمائی لیکن پریشان حال کسانوں کے لیے کوئی مدد نہیں کی جو کہ امداد کے طلب گار ہیں ۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ کی مقبول عام جوڑی شاہ رخ خاں اور کاجول دوبارہ ڈائرکٹر روہیت شیٹی کی فلم ’ دل والے ‘ پردہ سیمیں پر جلوہ افروز ہورہی ہے ۔ یہ فلم 18 دسمبر سے سنیما گھروں میں دکھائی جائے گی ۔۔

 

دلیپ کمار فلمی صنعت کے
ایک عظیم ستون : شاہ رخ خاں
ممبئی ۔ 15 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : شاہ رخ خاں نے ہمیشہ بزرگ فلمی اداکار دلیپ کمار کو اپنا آئیڈیل تسلیم کیا ہے اور انہیں فلمی صنعت کا ایک مضبوط ستون تصور کیا ہے ۔ 50 سالہ ’ ہیپی نیو ائیر ‘ کے اداکار نے کہا کہ دلیپ کمار کو ’ چوٹی کا ستارہ ‘ قرار دینا بھی ان کی شخصیت کے آگے بالکلیہ چھوٹا ہے جب کہ اب انہیں پدم وبھوشن جیسا اعلی و ارفع اعزاز عطا کیا گیا ہے ۔ شاہ رخ خاں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اہمیت اس بات کی نہیں ہے کہ انہیں ( دلیپ کمار ) کو کتنے ایوارڈس حاصل ہوئے بلکہ ان کے فن ، اداکاری کے جوہر اور محترمہ سائرہ بانو کی رفاقت قدرت کا ایک عطیہ ہے ۔ اور اداکار کے علاوہ ایک عظیم انسان ہیں ۔ اور پدم وبھوشن ایوارڈ حاصل کرنے کا لمحہ ایک جشن سے کم نہیں ہے۔