شام میں ائیر بیس پر قبضے کی لڑائی، 19 باغی ہلاک

دمشق ، 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شام کے مشرقی شہر دیر الزور کے ائیربیس کے قبضے کیلئے بشارالاسد کی وفادار فوج اور باغیوں کے درمیان ہولناک لڑائی کے دوران کم از کم 19 باغی ہلاک ہو گئے ہیں۔ لڑائی ابھی جاری ہے اور باغی ائیر بیس کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ان ہلاکتوں کی اطلاع لندن میں قائم آبزرویٹری نے مزاحمت کاروں اور انسانی حقوق کیلئے سرگرم اداروں کے حوالے سے دی ہے۔ آبزرویٹری کے مطابق اس ائیر بیس پر قبضے کی لڑائی تین دن سے جاری ہے اور کوئی فریق پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہے۔

شام میں جاری لڑائی اور دیگر سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی آبزر ویٹری کے سربراہ رامی عبدالرحمان کے مطابق باغی قریبی گاوں الجفرا پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ گاوں ائیر بیس سے محض چند سو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ واضح رہے کہ اس گاؤں میں بشارالاسد کے حامیوں کی اکثریت ہے۔

حلب میں مسلسل لڑائی اور بشار حکومت کی بمباری کے باعث حالیہ دنوں میں پانچ سو سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ اب اس ائیر بیس کیلئے لڑائی میں بشار الاسد کی فوج پوری قوت استعمال کر رہی ہے۔