سی این این رپورٹر کا وائیٹ ہاؤز اکریڈٹیشن معطل

صدر ٹرمپ سے تلخ سوالات پر کارروائی ‘ وائیٹ ہاؤز کا اقدام ‘جمہوریت کو خطرہ : سی این این
واشنگٹن ۔8 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وائیٹ ہاؤز نے ایک غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے سی این این کے رپورٹر کے ایکریڈٹیشن کو معطل کردیا ۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ تلخ بحث کے چند گھنٹوں بعد ٹرمپ نظم و نسق نے صحافی کے رویہ کو جارحیت پسندانہ اور تلخ ترین قرار دیتے ہوئے ان کی صحافتی شناخت کو معطل کردیا ۔ وائیٹ ہاؤز کی اس کاروائی کو جمہوریت کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے سی این این نے اپنے وائیٹ ہاؤز چیف کرسپانڈنٹ جم اکوسٹا کی مدافعت کی ۔ وائیٹ ہاؤز میں صدر ٹرمپ سے پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔ اس دوران ٹرمپ اور سی این این صحافی اکوسٹا کے درمیان صحافی اکوسٹا کے درمیان تلخ سوالات کا سلسلہ شروع ہوا ۔ ایسے میں صدر ٹرمپ نے سی این این کے کرسپانڈنٹ کو بیٹھ جانے کا حکم دیا ‘جس سے انہوں نے انکار کیا۔ رپورٹر کا مائیک چھین لینے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے روک دیا اور ٹرمپ کے سامنے مسلسل اپنے سوالات دہراتے جارہے تھے اور ان سے ان کے خیالات کے بارے میں سوالات کررہے تھے کہ امریکی صدر پر وسط امریکی تارکین وطن کے قافلہ کے بارے میں ان کی کیا رائے ہے تو ٹرمپ برہم ہوگئے اور صحافی سے کہا کہ وہ بہت برے اور بدتمیز شخص ہیں اور وہ اپنا مائیک رکھ دیں ۔

وائیٹ ہاؤز کی خاتون انٹرن نے صحافی سے ان کا مائیک لینے کی کوشش کی تو اس خاتون انٹرن کا ہاتھ جھٹک دیا۔ بظاہر برہم اور غصہ میں دکھائی دینے والے ٹرمپ نے کہاکہ اب بہت ہوچکا ‘ آپ بیٹھ جاہیئے ۔ انٹرن نے دوبارہ مائیک لینے کی کوشش کی ۔ وائیٹ ہاؤز کی پریس سکریٹری سارا سینڈرس نے کہا کہ سی این این صحافی جم اکوسٹا کا رویہ بیہودہ اور جاہل پسندانہ تھا۔ انہوں نے وائیٹ ہاؤز کی انٹرن پر ہاتھ رکھ جو ہمارے لئے ناقابل قبول بات ہے ۔ اس واقعہ کے بعد وائیٹ ہاؤز سے صحافی کو معطل کردیا ۔ سارا سینڈرس نے کہا کہ صحافی جم اکوسٹا کا اجازت نامہ معطل کرنے کی وجہ ان کے سوالات نہیں بلکہ اس نوجوان لڑکی کو ہاتھ لگانا تھا ۔ انہوں نے ٹوئیٹ میںکہا کہ ہم بالکل بھی برداشت نہیں کریں گے کہ ایک رپورٹر وائیٹ ہاؤز کے ملازم کو ہاتھ لگائے ‘ جو صرف اپنا کام کررہی ہے ۔ صحافی جم اکوسٹا نے اپنی ٹوئیٹ میںکہاکہ امریکی خفیہ سرویس نے انہیں وائیٹ ہاؤز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی ۔ سارا سینڈرس نے کہا کہ صدر ٹرمپ صحافت کی آزادی پر ایقان رکھتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ ان سے کئے جانے والے سوالات کا خیرمقدم کیا جائے گا ۔ وہ اپنے نظم و نسق کے تعلق سے پوچھے جانے والے سوالات جواب دیتے لیکن ایک نوجوان خاتون پر جب صحافی نے ہاتھ رکھا تو اس کوبرداشت نہیں کیا جائے گا ۔ اسی دوران سی این این نے کہا کہ اکوسٹا کا اجازت نامہ واپس لینا ان کے چیلنج بھرے سوالات سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش ہے ۔ ٹرمپ کی وجہ سے ہماری جمہوریت کو خطرہ ہے اور اس ملک کو اس سے اچھے صدر کی ضرورت ہے ۔