سیمی دہشت گردوں کی ہلاکت پر گندی سیاست کا الزام

مہلوک ہیڈکانسٹیبل کو فراموش کردیا گیا، چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان کا خراج
بھوپال ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے 8 سیمی کارکنوں کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت پر کھیلی جارہی ’’گندی سیاست‘‘ پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام مہلوکین انتہائی خطرناک دہشت گرد تھے جو بڑے پیمانہ پر تباہی مچا سکتے تھے۔ ہیڈ کانسٹیبل رما شنکر یادو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد ذرائع کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر کافی دکھ ہورہا ہیکہ بعض سیاستداں دہشت گردوں کی ہلاکت پر تو بہت کچھ بول رہے ہیں لیکن ہیڈکانسٹیبل کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں کہے۔ سیمی کے ان 8 دہشت گردوں نے جیل سے فرار ہوتے وقت ہیڈکانسٹیبل کو حملہ کا نشانہ بنا کر ہلاک کردیا تھا۔ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ اس طرح کی سیاست دیکھ کر انہیں تکلیف ہوئی ہے۔ بعض سیاستدانوں نے شہیدوں کی قربانی کے بارے میں آنکھیں بند کرلی ہیں۔ وہ رما شنکر یادو کی قربانی کو نہیں دیکھتے یہ وہی دہشت گرد ہیں جنہوں نے پہلے شیوپرتاپ کشواہا (ملازم پولیس) کو رتلم میں اور اس کے بعد سیتارام یادو (ملازم پولیس) کو کھنڈوا اور اب رماشنکر یادو کو ہلاک  کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا ان شہیدوں کے تعلق سے انہیں کوئی ہمدردی ہے۔ اس کے برعکس وہ ان واقعات پر ووٹ بینک سیاست کررہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہلاک ہونے والے انتہائی خطرناک دہشت گرد تھے۔ اگر وہ فرار ہونے میں پوری طرح کامیاب ہوجاتے تو بڑے پیمانہ پر تباہی مچا سکتے تھے۔ بعض سیاستداں ان دہشت گردوں کی ہلاکت پر تو بہت کچھ کہہ رہے ہیں لیکن ان کے پاس ہیڈکانسٹیبل کے بارے میں ہمدردی کا ایک بول بھی نہیں۔ وہ ایسے قائدین اور جو گندی سیاست وہ کررہے ہیں اس کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور عوام کیلئے ملک کی زیادہ اہمیت ہے۔

وہ ہر ایک سے گندی سیاست بند کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ حب الوطنی کی زیادہ اہمیت ہے۔ شیوراج سنگھ چوہان نے کہاکہ رماشنکر یادو نے تنہا دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور انہیں فرار ہونے سے روکنے کی کوشش کی۔ ایک پابند ڈسپلن عہدیدار کی طرح اس نے اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے جان دیدی۔ یہ ایک ایسی حب الوطن خاندان ہے جس کے دو بیٹے اب بھی ملک کی سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں۔ رماشنکر یادو کے دو بیٹے فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اس خاندان کا خیال رکھے گی اور انہوں نے یادو کے خاندان کیلئے 10 لاکھ روپئے ایکس گریشیاء کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ ان کی بیٹی کی شادی کیلئے 5 لاکھ روپئے کا اعلان کیا جو ڈسمبر میں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یادو جس کالونی میں رہتے تھے اس کا نام شہید رما شنکر یادو کالونی رکھا جائے گا اور ان کا ایک مجسمہ بھی نصب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فنڈس کی کوئی کمی نہیں اور اس خاندان کو جب بھی ضرورت ہو مزید امداد اور رقم دی جائے گی۔