سیف اور کرینہ کے گھر بہت جلد نئے مہمان کی آمد

ممبئی 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اسٹار جوڑے سیف علی خان اور کرینہ پُرامید ہیں کہ جاریہ سال کے اواخر تک ان کا پہلا بچہ آجائے گا۔ 45 سالہ سیف علی خاں نے ایک بیان میں کہاکہ یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہوئی ہے کہ ہمارا پہلا بچہ ڈسمبر تک آجائے گا۔ انھوں نے پرستاروں کی جانب سے نیک تمنائیں، دعائیں اور آشیرواد دینے پر اظہار تشکر کیا۔ حال ہی میں 35 سالہ کرینہ اور سیف علی خاں نے لندن کا دورہ کیا تھا اور میڈیا پر اداکارہ کی تصویر گشت کرنے پر چہ مگوئیاں شروع ہوگئی تھیں۔ تاہم گزشتہ ماہ لندن سے واپسی کے بعد میڈیا نے استفسار کیا تو بجرنگی بھائی جان کی اداکارہ نے پرزور تردید کی تھی۔ سیف علی خاں نے قبل ازیں فلمی اداکارہ امریتا سنگھ سے شادی کی تھی اور انھیں دو بچے ایک دختر سارا اور لڑکا ابراہیم ہیں۔ سیف علی خاں جوکہ ٹائیگر پٹوڈی اور شرمیلا ٹیگور کے فرزند ہیں، 5 سالہ رفاقت کے بعد اکٹوبر 2012 ء میں کرینہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔