سیاست کے ہر قاری کا ادارہ کی رضاکارانہ خدمات میں کلیدی رول :زاہد علی خاں

غریب عوام کو مفت کپڑوں کی فراہمی ۔ فیض عام ٹرسٹ و ہیلپنگ ہینڈ کی اعانت سے ’کپڑا بینک‘ کے آغاز کی تقریب سے ایڈیٹر سیاست کا خطاب

٭    اسراف کے خاتمہ سے ضرورت مندوںکی مدد ممکن : فاروق حسین ایم ایل سی
٭    غریبوں کی مدد کیلئے بینک کا آغاز ‘ عوام بھی مدد کریں : ڈی سی پی ستیہ نارائنا
٭    ملی و فلاحی سرگرمیوں میں جناب زاہد علی خاں کا َہمیشہ تعاون : افتخار حسین
٭    اورنگ آباد کے بعد حیدرآباد میں اپنی نوعیت کا دوسرا بینک : شوکت علی مرزا
حیدرآباد ۔ /29 اپریل (سیاست نیوز) سیاست کے قارئین ہی سیاست کی رضاکارانہ خدمات کی بنیاد ہیں اور سیاست کا ہر قاری ادارہ سیاست کی رضاکارانہ خدمات میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفا کی تیسری منزل پر شروع کردہ ’کپڑا بینک‘ کی افتتاحی تقریب کے دوران قارئین سیاست کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان سے دور رہ کر بھی مادر وطن اور شہریوں کیلئے اپنے دلوں میں تڑپ رکھنے والے غیرمقیم ہندوستانی حیدرآبادی شہریوں کی ضروریات کو پورا کرنے ممکنہ کوشش کرتے ہیں ۔ انہوں نے غیرمقیم ہندوستانیوں کی ادارہ سیاست کے توسط سے شہریوں کی خدمت کی ستائش کی اور کہا کہ حیدرآبادی خواہ وہ امریکہ میں ہوں یا خلیجی ممالک میں اپنے دل میں اپنے شہر اور شہریوں کیلئے تڑپ رکھتے ہیں ۔ جناب زاہد علی خاں نے بتایا کہ ادارہ سیاست کی جانب سے فیض عام ٹرسٹ و ہیلپنگ ہینڈ کی اعانت سے ’کپڑا بینک‘ کا آغاز عمل میں لایا گیا ہے جس میں بلاتفریق مذہب ہر ضرورت مند شہری کو مفت کپڑے فراہم کئے جائیں گے ۔ تقریب میں جناب محمد فاروق حسین ایم ایل سی ، جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست ، مسٹر وی ستیہ نارائینا ڈی سی پی ساؤتھ زون ، مسٹر کے بابو راؤ المعروف عبدالرحمن ایڈیشنل ڈی سی پی ساؤتھ زون ، جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ ، جناب شوکت علی مرزا ہیلپنگ ہینڈ ، جناب علی مسقطی ، جناب امجد اللہ خان خالد ، جناب ضیا الدین نیر ، ڈاکٹر سمیع اللہ ، جناب انور الدین ، علی بن سعید الگتمی ، عمر خان ، ذیشان احمد کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ کینیڈا میں رہنے والی حیدرآبادی خاتون ڈاکٹر عسکر یاسمین صدیقی نے اپنی تنظیم فی سبیل للہ فاؤنڈیشن کے ذریعہ ایک کنٹینر کپڑے بغرض تقسیم روانہ کئے ہیں جو غریب عوام میں تقسیم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ روٹی اور کپڑا کا انتظام ادارہ سیاست کی جانب سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کہ قارئین سیاست کی اعانت سے ممکن بنایا جائے گا جبکہ مکان کی ذمہ داری حکومت نے لی ہے اور امید ہے کہ برسراقتدار جماعت غریب عوام کو دو بیڈروم فلیٹ کی اسکیم سے مستفید کریگی ۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ آسٹریلیا ، امریکہ ، کینیڈا ، لندن ، دوبئی ، سعودی عرب کے علاوہ دیگر ممالک میں رہنے والے حیدرآبادی شہریوں کو بھی ڈاکٹر عسکر یاسمین صدیقی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ضرورتمند حیدرآبادی شہریوں کی مدد کیلئے آگے آنا چاہئیے ۔ انہوں نے بتایا کہ کشمیر میں سیلاب و زلزلے کے علاوہ مظفر نگر فسادات کے دوران بھی ڈاکٹر عسکر یاسمین صدیقی نے مستعملہ قابل استعمال کپڑوں کے دو کنٹینر روانہ کئے تھے جو کشمیر اور مظفر نگر میں تقسیم کئے گئے ۔ ایڈیٹر سیاست نے بتایا کہ غریب عوام کی ضرورتوں کی تکمیل کے ذریعہ جو اجر حاصل ہوتا ہے وہ کسی اور عمل سے ممکن نہیں ہے ۔             ( باقی سلسلہ صفحہ 10  پر )