سہراب الدین شیخ انکاونٹر کیس : سی بی آئی عدالت نے سبھی 22 ملزمین کو کیا بری

سہراب الدین شیخ انکاونٹر کیس کے سبھی 22 ملزمین کو عدالت نے بری کردیاہے ۔ ممبئی کی ایک خصوصی عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ سی بی آئی کے ذریعہ فراہم کئے گئے ثبوتوں کو کافی نہیں تسلیم کیا جاسکتا ہے ۔ عدالت کے مطابق ان ثبوتوں سے ثابت نہیں ہوتا ہے کہ سہراب الدین شیخ اور تلسی پرجاپتی کا قتل کسی سازش کے تحت کیا گیا تھا ۔

خیال رہے کہ یہ معاملہ 2005 کا ہے ، جس میں 22 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ ان میں سے زیادہ تر پولیس اہلکار ہیں  ۔ زیادہ تر ملزمین گجرات اور راجستھان کے جونیئر سطح کے پولیس افسران ہیں ۔ وہیں مقدمہ کے دوران تقریبا 92 گواہ منحرف ہوگئے ، جس کے بعد عدالت نے سی بی آئی کی چارج شیٹ میں نامزد 38 افراد میں سے 16 کو ثبوت کے فقدان کی وجہ سے پہلے ہی بری کردیا تھا ۔

سی بی آئی کے مطابق سہراب الدین شیخ ، اس اہلیہ کوثربی اور اس کے ساتھی پرجاپتی کو گجرات پولیس نے ایک بس سے اس وقت اغوا کرلیا تھا ، جب وہ لوگ 22 اور 23 نومبر کی درمیانی شب میں حیدرآباد سے مہاراشٹر کے سانگلی جارہے تھے ۔

سی بی آئی کے مطابق سہراب الدین شیخ کا 26 نومبر 2005 کو احمد آباد کے نزدیک مبینہ فرضی انکاونٹر میں قتل کردیا گیا تھا ۔ اس کی اہلیہ کو تین دن کے بعد مار ڈالا گیا تھا اور اس کی لاش کو ٹھکانے لگادیا گیا ۔