سپریم کورٹ کی ہدایات پر حکومت عمل کریں : مولانا مفتی محمد مکرم احمد

نئی دہلی : شاہی امام مسجد فتح پوری مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطا ب میں کہا کہ مذہب اسلام محبت ، انصاف ، امن و رواداری کا مذہب ہے ۔جسے بدنام کرنے کیلئے منصوبہ بند طریقہ اپنا یا جارہا ہے ۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سراپا شفقت و رحمت ہے ۔جنہوں نے اپنے دشمنو ں کو بھی معاف فرمایا اور عورتوں ، بیواؤں ، یتیموں اورمظلوموں کیلئے ہمدرد ی کاحکم دیا ۔انہوں نے کہا کہ آج کچھو نیوز چینلس اور سوشل میڈیا پر مذہب اسلام کے خلاف پروپیگنڈ کیا جارہا ہے ۔ہمیں مذہبی تعلیمات کو اپنا کر محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔شاہی امام نے کہا کہ ہجومی تشدد روکنے کیلئے سپریم کورٹ نے حکومت کو واضح ہدایات جاری کی ہے ان پر جلد عمل درآمد ہونا چاہئے ۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ ایسے معاملوں میں آئی پی سی کی دفعہ ۱۵۳ کے تحت فوری مقدمہ درج ہو ۔صوبائی حکومت متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے کی پالیسی بنائے، فاسٹ ٹریک میں کیس چلے او رزیادہ سے زیادہ سزا دی جائے ۔اور متاثرین کے وکیل کا خرچ حکومت برداشت کرے ۔او رمرکزی حکومت اور ریاستی حکومت آپس میں تال میل رکھیں او رقانون بنایاجائے ۔شاہی امام نے کہا کہ ان ہدایات پر جلد عمل ہونا چاہئے ۔او راب تک جو بھی ہجومی تشدد کے واقعات ہوئے ہیں ا ن پر وزیر اعظم کے دفتر سے کارروائی ہونی چاہئے ۔شاہی امام نے کہا کہ ملک میں نفرت میں اضافہ ہورہا ہے اس پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے ۔ایمنسی انٹر نیشنل نے بھی اپنے حالیہ سروے میں یوپی ، گجرات او رراجستھا ن ریاستوں میں نفرت کو سب سے زیادہ بتایا ہے ۔جھارکھنڈ میں سوامی اگنی ویش پر حملہ بہت افسوس ناک ہے ۔نفرت پھیلانے والوں کو لگام دی جائے او رشرارتی لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔

مفتی مکرم نے اسرائیل میں نسل پرست ریاست کی قرار داد پاس ہونے کی شدید مذمت کی ہے او راقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ اس پر فوری کارروائی کریں ۔انہوں نے کہا کہ عرب ممالک او رمسلم مملک کو بڑی طاقتوں کے ساتھ مل لر کوئی کاررائی کرنی چاہئے تا کہ یہ قرار داد واپس لی جاسکے ۔