سپریم کورٹ نے آسام حکومت سے غیر ملکیوں کے بارے میں رپورٹ طلب کی

سپریم کورٹ نے پیر کو آسام حکومت سے حراست میں رکھے گئے غیر ملکی شہریوں اور گزشتہ 10 برسوں میں واپس بھیجے گئے لوگوں کی تعداد کے بارے میں تفصیلی رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی۔ اس معاملہ کی اگلی سماعت 19 فروری کو ہوگی۔

چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی بنچ نے اس سلسلہ میں دائر عرضی پر سماعت کے بعد آسام حکومت کو اس سلسلہ میں رپورٹ داخل کرنے کا حکم دیا۔ سماجی کارکن ہرش مندر نے عرضی داخل کرکے سپریم کورٹ سے آسام کے حراستی مراکز میں رکھے گئے لوگوں کے ساتھ انسانی برتاؤ کرنے کی ہدایت حکام کو دینے کی اپیل کی ۔

عدالت عظمی نے آسام حکومت کو ریاست کے حراستی مراکز میں رکھے گئے غیر ملکیوں کی مدت کے بارےمیں تفصیل سے ذکر کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ کورٹ نے ٹربیونل کی جانب سے غیر ملکی بتائے جانے کے بعد واپس بھیجے گئے لوگوں کی تعداد کے بارے میں بھی معلومات فراہم کرنےكو کہا ہے۔