سوڈان کے معزول صدر عمرالبشیر کی جیل منتقلی، احتجاجی مظاہرے جاری

خرطوم۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سوڈان کے فوجی حکمرانوں نے معزول صدر عمرالبشیر کو جیل منتقل کردیا۔ خاندان ذرائع نے چہارشنبہ کو بتایا کہ مظاہرین نے فوجی ہیڈکوارٹرس کے روبرو اپنا دھرنا ہنوز جاری رکھا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت کی منتقلی بغیر کسی خونریزی کے انجام دی جائے۔ گزشتہ ہفتہ عمرالبشیرکے 30 سالہ دور حکومت کا اچانک خاتمہ ہوگیا تھا جبکہ منگل کی شب انہیں خرطوم کی کوہیر جیل منتقل کیا گیا۔ جیل کے قریب عینی شاہدین نے بتایا کہ جیل کی عمارت کے باہر فوجیوں اور نیم فوجی دستوں کی بھاری جمعیت کو تعینات کیا گیا ہے۔ گزشتہ جمعرات کو جب ملک پر فوج نے قبضہ کرلیا تھا، اس وقت سے منتقلی تک 85 سالہ عمرالبشیر کے محل و قوع کو خفیہ رکھا گیا تھا۔

سوڈا ن میں تین اعلیٰ سرکاری وکیلو ں کی برخاستگی
سوڈان میں آرمی کونسل نے منگل کو تین اعلی سرکاری وکیلوں کو ان کے عہدوں سے برخاست کردیا ہے ۔فوجی کونسل نے بیان میں کہا کہ کونسل کے سربراہ عبدالفتح البرہان نے اٹارنی جنرل عمر احمد محمد عبدالسلام، فرسٹ اٹارنی جنرل ہاشم عثمان ابراہیم اور پبلک پروسیکوشن عمر ابرہیم ماجد کو عہدے سے ہٹادیا ہے ۔کونسل نے ایک بیان میں بتایا کہ مسٹر برہان کی جگہ الوقید السید احمد محمود کو نیا اٹارنی جنرل بنایا گیا ہے ۔کونسل نے بتایا کہ محکمہ انصاف میں یہ تبدیلی سابق صدر عمر البشیر کو گزشتہ جمعرت کو صدر کے عہدہ سے ہٹائے جانے کے باوجود خرطوم میں فوجی ہیڈکوارٹر کے سامنے دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کے مطالبوں کی تکمیل کیلئے کیا گیا ہے ۔