سونم کپور کی آنند آہوجہ سے شادی

تقریب میں ارکان خاندان ، بالی ووڈ کی نامور شخصیتوں کی شرکت
ممبئی۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور آج دہلی کے بزنسمین آنند آہوجہ کے ساتھ ایک روایتی آنند کراج تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ تقریب میں ارکان خاندان اور ہندی فلم انڈسٹری کے قریبی دوستوں نے شرکت کی۔ سونم کپور سرخ اور سنہرے انورادھا واکل لہنگا چولی میں چمکدار نظر آرہی تھیں۔ پھولوں سے سجا لباس دلہن کے چہرے کی سرخی سے میل کھا رہا تھا جبکہ بھاری زیورات اس اداکارہ کے رائل لُک میں اضافہ کررہے تھے۔ اس جوڑے نے سکھ تقریب میں شادی کی۔ شادی کی یہ تقریب سونم کی خالہ کے باندرہ میں واقع بنگلے پر منعقد ہوئی۔ شادی کی تقریب تقریباً 12:30 بجے دن شروع ہوئی اور 1:20 بجے دن ختم ہوئی۔ شادی کی اس تقریب میں سونم کی والد انیل کپور، والدہ سنیتا کپور، بھائی ہرش وردھن کپور، ارجن کپور، تایا بونی کپور، چچا سنجے کپور اور خاندان کے دیگر افراد نے شرکت کی۔ شادی کی تقریب میں پہلے آنے والوں میں بالی ووڈ سے میگا اسٹار امیتابھ بچن اُن کے بیٹے ابھیشیک بچن اور بیٹی شویتا شامل تھے۔ شادی میں شرکت کرنے والی انڈسٹری کی دیگر نامور شخصیتوں میں کرن جوہر، سیف علی خان جنہوں نے ان کی اہلیہ کرینہ کپور اور بیٹے تیمور علی خاں کے ساتھ شرکت کی کے علاوہ کرشمہ کپور، رانی مکرجی، جے فرنانڈیز، ایس بھاسکر، جاوید اختر، ڈیزائنر ماسابا گپتا، رنویر سنگھ، عامر خان اپنی اہلیہ کرن راؤ اور اپنی پہلی بیوی کے بیٹے جنید کے ساتھ شرکت کی۔ تقریب کے بعد لنچ ہوا اور شام میں اس نوبیاہتا جوڑے کی جانب سے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں شاندار استقبالیہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ سونم کپور اور آنند آہوجہ کا گزشتہ دو سال سے معاشقہ چل رہا تھا جبکہ ایک ہفتہ قبل ان کی شادی کا اعلان کیا گیا تھا۔ شادی کی تقریب سے قبل دو روزہ طویل تقاریب ہوئیں جن میں مہندی اور سنگیت تقاریب شامل تھیں۔