سولہ گھنٹے کی میراتھن میٹنگ کے بعد پرینکا گاندھی نے کہا : میں نہیں راہل کریں گے وزیر اعظم مودی سے مقابلہ

کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری اور مشرقی اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی نے انتخابی میدان میں پوری طاقت جھونک دی ہے ۔ اترپردیش کے پارٹی دفتر نہرو بھون میں انہوں نے کارکنان کے ساتھ 16 گھنٹوں کی میراتھن میٹنگ کی ۔ یہ میٹنگ پوری رات چلی اور بدھ کی صبح ساڑھے پانچ بجے ختم ہوئی ۔

میٹنگ کے بعد  پرینکا گاندھی نے کہا کہ ان کا وزیر اعظم مودی سے مقابلہ نہیں ہوگا ، بلکہ راہل گاندھی پی ایم کو ٹکر دیں گے ۔ پرینکا گاندھی نے منگل کی رات الگ الگ لوک سبھا حلقوں سے آئے پارٹی کارکنان سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے بعد جب پرینکا سے پوچھا گیا کہ ان کا مقابلہ وزیر اعظم سے ہوگا ؟ تو اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھ سے نہیں ، راہل جی سے ان کا مقابلہ ہوگا ۔ راہل لڑ تو رہے ہیں ۔

پارٹی کارکنان کی میٹنگ کو لے کر پرینکا گاندھی نے کہا کہ کافی تبدیلیوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں تنظیم کے بارے میں سیکھ رہی ہوں ، میں لوگوں کی رائے سن رہی ہوں ، آخر الیکشن کیسا جیتا جائے ، اس پر بھی بات ہورہی ہے ۔

اپنے شوہر رابرٹ واڈرا سے ای ڈی کی پوچھ گچھ پر بھی پرینکا نے خاموشی توڑی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ چیزیں چلتی رہیں گی ، میں اپنا کام کرتی رہوں گی ، مجھے بالکل بھی فرق نہیں پڑتا ۔ خیال رہے کہ ان دنوں رابرٹ واڈرا سے ای ڈی کی ٹیم مسلسل پوچھ گچھ کررہی ہے ۔ پہلے ای ڈی کے سامنے وہ دہلی میں پیش ہوئے تھے اوراب  پھر جے پور میں ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔