سوشل میڈیا کا بہت زیادہ استعمال ڈپریشن میں مبتلا کرسکتا ہے

کیا آپ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وقت گزارتے ہیں؟
فیس بک، انسٹاگرام اور ٹوئٹر میں آپ کی جان ہے اور ہر وقت سیلفیز اور پوسٹس کرتے رہتے ہیں؟ تو یہ ایک بڑی بیماری کی علامت ہوسکتی ہے۔یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔
جرنل ڈپریشن اینڈ اینکسیٹی میں شائع تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وقت گزارنا منفی رابطوں کا باعث بن کر ڈپریشن کا احساس پیدا کرسکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق سوشل میڈیا کا استعمال ’انٹرنیٹ کی لت‘ کا باعث بنتا ہے جسے ماہرین نفسیات نے ڈپریشن سے منسلک کیا ہے۔
ہر ہفتے کم از کم 30 بار مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر وزٹ کرنے والے افراد میں مایوسی یا ڈپریشن کا خطرہ عام صارفین کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہوتا ہے۔
اسی طرح جو لوگ دن میں بہت زیادہ وقت سوشل میڈیا پر گزارتے ہیں ان میں ڈپریشن کا خطرہ 1.7 گنا زیادہ بڑھ      جاتا ہے۔
محققین نے اس حقیقت کی بھی نشاندہی کی ہے کہ اگرچہ سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال ڈپریشن کا باعث بنتا ہے مگر لوگ اس کے نتیجے میں ان سائٹس کا استعمال زیادہ کرنے لگتے ہیں۔
محققین کے مطابق ان ویب سائٹس پر بہت زیادہ مثالی نظر آنے والے سے رابطوں کے نتیجے میں لوگوں میں حسد کا احساس بڑھتا ہے اور انہیں لگتا ہے کہ دیگر افراد زیادہ خوش باش اور کامیاب زندگی گزار رہے ہیں۔
اسی طرح سوشل میڈیا میں وقت کے ضیاع کا احساس بھی مزاج پر منفی اثر کا باعث بنتا ہے۔